سی پیک منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے لئے گیم چینجر ہے: شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سی پیک نے معاشی و تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہ داری منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے لئے گیم چینجر ہے اور سی پیک سے معاشی اور تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن سے ترقی کے خلاف سازش کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ باشعور عوام نے لاتعلق رہ کر سازش کو ناکام بنایا اور عوام شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست سے لاتعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزل کی طرف گامزن ہے اور پاکستان کے دوست ممالک سی پیک سے مطمئن نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ میعار کو برقرار رکھتے ہوئے اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ چند شر پسند عناصر سی پیک جیسے بڑےپیکج سے پریشان ہیں اور ہم اس پیکج کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ دھرنوں اور لاک ڈاون کے ذریعے پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش کو باشعور عوام نے ناکام بنایا اور جس کے نتیجے میں ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے بعض سیاسی عناصر اب تنہا ہو چکے ہیں۔