کینیڈا میں مسجد میں فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

Canada Firing

Canada Firing

کیوبک سٹی (جیوڈیسک) کینیڈا کے شہر کیوبک سٹی کی مسجد میں فائرنگ کرنے والے ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

گزشتہ روز کینیڈا میں مسجد میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کرنے والے ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔27 سالہ الیگزینڈر بیزوناٹی سفید فام اور مقامی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔

ملزم مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم بعد میں اس نے خود پولیس کو فون کرکے اپنی گرفتاری پیش کر دی۔ ملزم کو کیوبک سٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر 6 افراد کے قتل اور 5 افراد کے اقدام قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق مسجد پر حملے کے شبہ میں ایک دوسرے شخص کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں اسے عینی شاہد قرار دے دیا گیا۔دوسری جانب ملزم الیگزینڈر کے کلاس فیلوز کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حامی اور دھیمے مزاج کا شخص تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے شہر کیوبک کی مسجد میں فائرنگ سے 6 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے 5 زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔