کپتان بننے سے اظہر علی کی بیٹنگ میں نکھار آ گیا

Azhar Ali

Azhar Ali

پالے کیلی (جیوڈیسک) کپتان بننے سے اظہر علی کی بیٹنگ میں نکھار آ گیا، انھوں نے 8 میچزمیں536 رنز بنا کر سابق کیوی اسٹارگلین ٹرنر کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد مصباح الحق نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت چھوڑ دی تھی، ان کی جگہ بورڈ نے اظہر علی کا تقرر کیا جو اس سے قبل ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بھی نہیں تھے، البتہ ذمہ داری ملنے کے بعد ان کی بیٹنگ میں خاصی بہتری نظر آئی، وہ اب تک 8 ون ڈے میچز میں67 کی اوسط سے 536رنز بنا چکے، اس میں2 سنچریاں اور تین ففٹیز شامل ہیں۔ اظہر علی اس حوالے سے دیگر کپتانوں سے بھی آگے نکل گئے۔

ان سے پہلے نیوزی لینڈ کے گلین ٹرنر نے7میچز میں515رنز اسکور کیے تھے، اظہر علی سے قبل پاکستان کے لیے بطور قائد ابتدائی 8میچز میں سب سے زیادہ411رنز بنانے کا اعزاز عامر سہیل کو حاصل تھا، جنھوں نے چار ففٹی پلس اننگز کھیلیں۔ دریں اثنا آل راؤنڈر محمد حفیظ لیفٹ ہینڈرز کے خلاف زیادہ مفید ثابت ہونے لگے، ان کی129میں سے76 وکٹیں لیفٹیز کی ہی ہیں، رائٹ ہینڈرز کیخلاف حفیظ کی بولنگ اوسط 46 جبکہ لیفٹ ہینڈرز کیخلاف 23 رہی، سری لنکا سے جاری سیریز میں انھوں نے12 کی ایوریج سے 5 لیفٹیز کو نشانہ بنایا، واحد رائٹ ہینڈر کی وکٹ کے لیے 40رنز دینا پڑے۔

دوسری جانب آئی لینڈرز نے بدھ کو پاکستان کیخلاف پہلی بار 2 وکٹ کے کم مارجن سے فتح پائی، ٹیم نے اپنے ملک میں 288رنز اسکورکر کے دوسرا سب سے بڑا ہدف پایا، اس سے قبل 2009ء میں میزبان سائیڈ نے دمبولا میں پاکستان ہی کے خلاف 289کا ٹارگٹ حاصل کیا تھا۔