سی سی پی کے زیراہتمام نوجوان لکھاریوں کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

CCP Workshop

CCP Workshop

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کی جانب سے نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے اسلام آباد میں نوجوان لکھاریوں کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا

ٹریننگ ورکشاپ میں نوجوان لکھاریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر لکھاری و سابق سینیٹر محمد اکرم ذکی کا کہنا تھا لکھاری اپنی قلم سے معاشرے میں موجود برائیوں کو سامنے لاتے ہوئے ارباب اختیار کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہیں، لکھنے لکھانے کی سرگرمیوں کو مثبت سمت میں ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کیلئے کالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) اور یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کالم نویس و تجزیہ کار ڈاکٹر مرتضیٰ مغل کا کہنا تھا کالم نویسوں کو اپنی تحریروں میں جستجو کے عنصر کو نمایا ں رکھنا چاہئے اور قرآن پاک سے رہنمائی لینی چاہئے، سی سی پی کے جنرل سیکرٹری فیصل اظفر علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے قلم کے استعمال کی دعوت دینا ہمارا مشن ہے۔

کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) لکھاریوں کو ہر سطح پر پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے، انفارمیشن سیکرٹری سی سی پی اصغر حیات نے لکھاریوں سے خطاب میں کہا کہ وہ دن دور نہیں جب نوجوان لکھاری اپنی تحریروں سے قوم میں اک نئی روح پھو نک دیں گے، نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پروگرامز کاشف ظہیر کمبوہ کا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوجوانوں میں بے شمار صلاحتیں موجود ہیں لیکن انہیں صحیح سمت پر ڈالنے کیلئے لیڈر شپ کا فقدان نظر آتا ہے۔

یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان لیڈر شپ کے اس فقدان کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہے،ٹریننگ ورکشاپ سے یوتھ ایسویسی ایشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس عبدالقادر،انسٹی ٹیوٹ آف بزنس لیڈر شپ کے منیجنگ ڈائریکٹر وحید شریف نے بھی خطاب کیا اور نوجوان لکھاریوں کو خصوصی لیکچر دیا’ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے’ ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد میں پاکستان انیشیٹو اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس لیڈرشپ کی خصوصی معاونت حاصل تھی۔