ضلع وسطی میں 100 روزہ صفائی مہم کا آغاز، وسائل محدود، جذبہ لامحدود

Cleaning Campaign

Cleaning Campaign

کراچی: بلدیہ وسطی میں ہنگامی بنیادوں پر عوامی خدمات مہم کا آغاز، سو (100) دن میں ہزاروں مسائل کو لامحدود جذبہء خدمت کے تحت حل کرنے کا عزم۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی اپنے دستِ راست وائس چیئرمین سید شاکر علی اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ ضلع وسطی میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کے وژن کے مطابق یکم دسمبر 2016پر ضلع وسطی میں۔ صدروزہ صفائی مہم بھی شروع کی جارہی ہے جس میں سرِ دست منتخب یونین کمیٹیز میں بہترین منصوبہ بندی کے تحت منتخب اداروں اور علاقوں کی صفائی اور تزئین و آرائش کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ابتدا یونین کمیٹی نمبر۔۔۔۔سے کی جائے گی۔ صدروزہ مہم کے دوران منتخب یونین کمیٹیوں کو کچرے اور آلائش سے بالکل پاک کردیا جائیگا، جبکہ سڑکوں، اسکولوں، پارکوں، کھیل کی میدانوں اور ڈسپنسریز کی عمارتوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کو بہتر کیا جائے گا۔ مہم کے آغاز کے سلسلے میں بلدیہ وسطی کے منتخب نمائندوں سے خصوصی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ریحان ہاشمی نے کہاکہ اگرچہ صرف ایک سو دِنوں میں، محدود وسائل کے ساتھ، ہزاروں مسائل کو حل کرنا آسان نہیں لیکن ہمارا لامحدود عزم ہمیں کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ممد و معاون رہے گا۔جبکہ صدروزہ مہم کی کارکردگی آئندہ چار برسوں کیلئے سنگِ میل اور بلدیہ وسطی کی ترقی کا زینہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کارکردگی اُسی وقت بہتر ہوتی ہے کہ جب افسران اور عملہ باہم خلوصِ نیت اور دیانت داری کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ صد روزہ صفائی مہم سے عوام کو حاصل ہونے والے ثمرات ہی عوامی نمائندوں کی کارکردگی کو بہتر ثابت کریں گے۔انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو انکے حق اور ضرورت کے مطابق فنڈز اور اختیارات دئے جائیں تاکہ عوام کو خدمات انکی دہلیز پر مہیا کی جاسکے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین سید شاکر علی نے کہا کہ انشاء اللہ ان سو 100) (دِنوں میں منتخب یونین کمیٹیوں سے کچرے کے ڈھیروں کا صفایاکردیاجائیگا،سڑکوں کی مرمت،فٹ پاتھوں کی تعمیر کے ساتھ رنگ و روغن، پارکوں،گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش مکمل کی جائے گی،کھیل کے میدانوں کو نوجوانوں کے لئے کھیلنے کے قابل بنایا جائے گا جبکہ بلدیاتی ڈسپنسریز کی مرمت اور ان میں ماہرڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹا ف کی تعیناتی کے ساتھ بہترین دواؤں کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔بلدیہ وسطی سے تعلق رکھنے والے تمام یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نے اپنی اپنی یوسیز میں صدروزہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہرممکن اقدام کرنے کے عزم کا ارادہ ظاہر کیا۔