ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں: علی کاظمی

Pakistan Day Ceremony

Pakistan Day Ceremony

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی تقریب کی سربراہی تنظیم کے مرکزی نائب صدر سید علی کاظمی نے کی جبکہ امامیہ چیف اسکائوٹ تصور کربلائی بھی اسکائوٹس کے ہمراہ موجود تھے ۔مرکزی نائب صدر کا کہنا تھاکہ اسلام، انسان کو آزادی و حریت کا درس دیتا ہے، اس درس آزادی سے ہمارے بزرگوں نے نظریہ اسلام کے تحت انگریزوں سے آزادی کی تحریک شروع کی، اس تحریک کو تقویت 23 مارچ 1940 کو ملی جب قرار داد پاکستان کو اکثریتی رائے سے پاس کیا گیا، یوں ہمارے بزرگوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت کی شکل میں ایک الگ وطن نصیب ہوا۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ ظالمین کی مخالفت کی چاہے وہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہو یا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت، پاکستانی عوام ہمیشہ سامراجی طاقتوں کے مخالف رہے ہیں۔پاکستان کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اور اس کو بنانے میں ملت تشیع کا کردار واضح ہے۔ ملک کے حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کی بجائے لبرل اسٹیٹ بنانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں کہ جو نظریہ پاکستان کے برعکس ہے امامیہ چیف اسکائوٹ تصور کربلائی نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں دشمنان اسلام و پاکستان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے اپنا کردارادا کرنا جانتے ہیں، آئی ایس او کا ہر جوان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اسلام کی کامیابی پاکستان کے استحکام کے ساتھ ہے ، اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ پوری قوم پاکستان کے دشمنوں کے خلاف متحدہوچکی ہے اور ملک دشمن عناصر سے بیزاری کا اظہا رکرتے ہیں۔تقریب میں کیک بھی کاٹ بھی کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔