مسلسل 2 سنچریاں؛ اظہر نے بھرپور فارم کی جھلک دکھا دی

Azhar Ali

Azhar Ali

ہوو (جیوڈیسک) اظہر علی نے دونوں وارم اپ میچز میں سنچریاں بناکر بھرپور فارم کی جھلک دکھا دی ،ان کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پریکٹس میچ ضروری تھے، کریزپر اچھا وقت گزارنے کا موقع ملا اور کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا، میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی نائب کپتان اظہر علی نے کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا، انھوں نے کہاکہ انگلینڈ میں ایشیا سے قطعی مختلف کنڈیشنز ہیں، ان سے ذہنی اور جسمانی طور پر ہم آہنگ ہوئے بغیر اچھی کارکردگی پیش نہیں کی جا سکتی۔

اظہر نے کہا کہ ایک مشکل چیلنج کے پیش نظر بولرز اور بیٹسمینوں دونوں کے نقطہ نظر سے پریکٹس میچ بہت اہم تھے،خاص طور پر بیٹنگ لائن کی کوشش تھی کہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ قیام ممکن بنائیں، اس میں خاصی حد تک کامیابی بھی ملی، انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریزسے قبل کھلاڑیوں کا فارم میں نظر آنا بیحد خوش آئند ہے، میں اپنی ذاتی کارکردگی سے بھی مطمئن ہوں، کریز پر اچھا وقت گزارنے کا موقع ملا ہے، بیٹنگ میں توقعات کے مطابق پرفارم کرنے سے کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا جو آگے چل کر سیریز میں کام آئے گا۔

اظہر علی نے کہاکہ ٹیم نے کنڈیشننگ کیمپ اور بعد ازاں پریکٹس میچز میں بڑی حد تک اپنے مقاصد حاصل کرلیے، تمام کھلاڑی فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں، سب کی کوشش ہوگی کہ کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، ہم مثبت ذہن کے ساتھ سیریز کا آغاز کریںگے، امید ہے کہ نتائج بھی توقعات کے مطابق ہوںگے۔