سنچورین ٹیسٹ اور سیریز جنوبی افریقہ کے نام

South Africa Team

South Africa Team

سنچورین (جیوڈیسک) سنچورین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 204 رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز ایک صفر سے جیت لی۔

نیوزی کی پوری ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں صرف 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم اور مارٹن گپٹل نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

مہمان ٹیم کا آغاز تباہ کن تھا اور اس کے دونوں اوپنر بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے بیٹسمین جنوبی افریقہ کے بالروں کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں ہینری نکول نے 12 چوکوں کی مدد سے 76 اور بی جے واٹلنگ نے چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ڈیل سٹین نے ادا کیا، انھوں نے دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے پانچ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 400 رنز کا ہدف دیا تھا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں کوئنٹن ڈی کاک نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 اور ٹیمبا نے چھ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹِم ساؤدی نے تین، ٹرینٹ بولٹ نے دو جب کہ بریس ویل اور نیل ویگنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سنیچر کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔