چئیرمین ساحل منیر کی زیرِ صدارت تنظیم کا تعزیتی اجلاس بمقام امرت نگر 133 میاں چنوں منعقد ہوا

Sahil Munir

Sahil Munir

میاں چنوں (تصور شہزاد) اپنے لاتعداد گیتوں کے ذریعے دلوں پر راج کرنے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور پلے بیک سنگر اے نیر کی وفات پر کرسچن رائٹرز فیلو شپ کے چئیرمین ساحل منیر کی زیرِ صدارت تنظیم کا تعزیتی اجلاس بمقام امرت نگر 133 میاں چنوں منعقد ہوا جِس میں عہدیداران اور ممبران نے اے نیر کی رحلت پر بھر پور افسوس کا اِظہار کیا۔

اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ساحل منیر نے کہا کہ اے نیر نے فلم، ٹی وی اور ریڈیو کے لئے چار ہزار سے زائد گیت گائے جِن میںسے اکثر گیت بے پناہ عوامی مقبولیت کے حامل قرار پائے اور آج بھی زبانِ زدِ عام ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے بہترین گلو کاری پر پانچ مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا۔

مزید برآں انہوں نے سینکڑوں مسیحی گیت اور زبور بھی گائے جس کی وجہ سے مسیحی کمیونٹی میں ان کی فنِ گائیکی کی خدمات کو خاص عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ساحل منیر نے کہا کہ جس دور میں اے نیر نے پلے بیک گلوکاری کا آغاز کیا ان کے مقابلے کا کوئی دوسرا گائیک موجود نہ تھا۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فلم انڈسٹری پر ایک عرصہ تک راج کیا۔انہوں نے کہا کہ فنِ موسیقی کے حوالے سے اے نیر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔