چیئرمین پی سی بی آج بنگلا دیش روانہ ہوں گے

Shahryar Khan

Shahryar Khan

کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹیم سے ملاقات کرنے کے لیے شہریار خان کراچی سے بنگلادیش روانہ ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی بنگلا دیش میں سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ دیکھیں گے۔ کپتان اظہر علی اور مصباح الحق سمیت ٹیم آفیشلز سے ملیں گے ۔ بنگال ٹائیگرز سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ ہارنے والی اور جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ڈرا کرا دینے والی ٹیم سے بھی ملیں گے۔

دونوں فارمیٹ کے کپتانوں سے مل کر وہ ٹیم کی کارکردگی پر رپورٹ لیں گے جبکہ ٹیم کے ساتھ موجود کوچز کی “فوج ظفر موج” کا بھی جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی مایوس ہیں اور وقار یونس، مشتاق احمد اور گرانٹ فلاور کے منظر سے ہٹ جانے کا امکان ہے۔

دورہ بنگلادیش میں اظہر علی نے بطور کپتان اور اوپنر بیٹسمین بورڈ حکام کو مطمئن کیا ہے۔ بنگلادیش کے بعد شہریار خان بھارت میں جائیں گے جہاں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کریں گے اور رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کو ممکنہ طور پر حتمی شکل دیں گے۔