چوہدری عابد رضا کا سیہون شریف دربار میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور الفاظ میں مذمت

Sehwan Sharif Blast

Sehwan Sharif Blast

کوٹلہ ارب علی خان : ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے سیہون شریف دربار میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو خون کے آنسورلانے والے درندوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا۔

پوری قوم تقسیم کی تمام لکیریں مٹا کر دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور انشاء اللہ ان درندوں پر وطن عزیز کی زمین تنگ کر دی جائے گی انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو انتہا پسندی دہشت گردی اور فرقہ واریت کا سامنا ہے دہشت گرد معصوم شہریوں کو شہید کر کے پاکستان میں ہونے والی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں انشاء اللہ انتہا پسندوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا جائیگا۔

انھوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں انشاء اللہ وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا جب تک ملک پاکستان کو انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے پاک نہیں کر لیا جاتا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں سے ہر گز ہار نہیں مانیں گے پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پشت پر کھڑی ہے جو بہترین حکمت عملی اور کامیابی سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

انشاء اللہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گذشتہ دنوں میں پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور سند ھ میں ہونے والے دہشت گردوں کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کا جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔