چوہدری قمر اقبال نے سپریم کورٹ کی طرف سے اووسیز پاکستانیوں کے لئے شکایات سیل قائم کرنے کا خیرمقدم کیا ہے

Ch.Qamar Iqbal

Ch.Qamar Iqbal

اوسلو (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت انھوں نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کاازالہ کرنے کے لئے خصوصی سیل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

چوہدری قمراقبال نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ وہ اپنی طرف سے اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کیطرف سے چیف جسٹس آف پاکستان کے اس اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امیدکااظہارکرتے ہیں کہ اس اقدام کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ اس سے سمندرپارپاکستانیوں کی پریشانیوں میں کم واقع ہوگی اور ان کا اور ان کی نئی نسل کا اپنے آبائی وطن کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوگا۔

بیان میں کہاگیاہے کہ سپریم کورٹ کے اس اقدام سے یورپ، امریکہ، کنیڈا، خلیج اور دیگر خطوں میں رہنے والے پاکستانیوں کی زندگیوں پراچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔ ہم چیف جسٹس کے شکرگزار ہیں کہ وہ سمندرپارپاکستانیوں کے مسائل سننے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ہماری دعا ہے کہ ان کی یہ کوششیں بارآور ثابت ہوں اور ہمارے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

واضح رہے کہ اخباری رپورٹس کے مطابق، چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گذشتہ روز ایک اجلاس کی صدارتی کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے حوالے سے خصوصی سیل قائم کئے جائیں ۔ ای میل سے شکایات موصول کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جائے۔