چیچہ وطنی: حکام کی عدم توجہی، امراض قلب یونٹ میں تالے پڑ گئے

Chichawatni

Chichawatni

چیچہ وطنی (جیوڈیسک) چیچہ وطنی کے تحصیل اسپتال میں محکمہ صحت کی عدم توجہی کے باعث امراض قلب کے یونٹ میں تالے پڑ گئے ہیں۔ چیچہ وطنی کے تحصیل اسپتال میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے نام سے منسوب امراض قلب کا یونٹ ڈیڑھ سال قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا۔

جو مکمل طور پر فنکشنل نہ ہوسکا اور اب یونٹ میں نہ صرف تالے پڑے ہوئے ہیں بلکہ قیمتی آلات بھی ناکارہ ہورہے ہیں۔ 10 لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل تحصیل میں صحت کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث مریضوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔

مریضوں کا کہنا ہے کہ انہیں اسپتال سے ادویات بھی نہیں مل رہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی عملے کی کمی کے باعث کارڈیک یونٹ بند کیا گیا ہے، ای ڈی او ہیلتھ ساہیوال ڈاکٹر اشرف جاوید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ امراض قلب کے یونٹ کو تالا لگنے کا معاملہ انکے نوٹس میں نہیں، اس کی انکوائری کروائی جائیگی۔