وزیر اعلیٰ کی انسپیکشن ٹیم کا سول اسپتال بدین پر چھاپا

Hospital Badin

Hospital Badin

بدین (عمران عباس) وزیر اعلیٰ کی انسپیکشن ٹیم کا سول اسپتال بدین پر چھاپا، 20 ڈاکٹرز میں سے صرف ایک ڈیوٹی پر موجود، سول سرجن سمیت دیگر عملہ غیر حاضر، مریضوں نے شکایات کے انبار لگادیئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی انسپیکشن ٹیم کے سربراہ اور خصوصی معاون حاجی مظفر شجراع نے اچانک سول اسپتال بدین کا دورہ کیا ، خصوصی معاون کو 20 میں سے صرف ایک ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود ملا جبکہ سول اسپتال میں کام کرنے والا پیرا میڈیکل کا عملہ بھی چھٹی کرکے گھر چلا گیاتھا، اس موقعے پر خصوصی معاون نے اسپتال کی مختلف وارڈز کا دورہ کیا جہاں پر داخل مریضوں اور علاج کے لیئے آنے والوں نے صفائی نا ہونے ، اسپتال میں ادویا ت نا ملنے اور دیگر شکایتوں کے انبار لگادیئے۔

اس موقعے پر حاجی مظفر شجراع نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال بدین میں دورے کے دوران ڈاکٹروں اور عملے کی غیر حاضری کی رپورٹ بنا کر وزیر اعلیٰ کو پیش کردی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں صحت کی سہولتیں پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کوتاہیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سول اسپتال بدین کے سول سرجن جو ایک وزیر کے بھائی بھی ہیں انہوں نے اپنے آپکو اوردیگر عملے کو بچانے کے لیئے کوششیں شروع کردی ہیں۔