وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ڈکیتی کا نوٹس لے لیا

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری حد سے بڑھنے لگی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں ڈکیتی کی واردات کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، 2 گھنٹے کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی پانچ وارداتیں پیش آئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق رائیونڈ میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ڈاکوؤں نےایک شخص کوفائرنگ کر کے زخمی کر دیا،نشترکالونی میں جنرل اسٹور پرڈکیتی کی واردات ہوئی، ڈاکو گاہک خاتون کی بالیاں نوچ کر لے گئے، جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا،ایم ایم عالم روڈ گلبرگ پر شہری سے 45 ہزار روپے کیش چھین لیا گیا۔

اس سے قبل فیصل ٹاؤن میں سگنل پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے گاڑیوں کی طویل قطار میں ایک کار سوارفیملی کو لوٹ لیا،جس کی موبائل فوٹیج ایک اور کار سوار نے انتہائی ذہانت کے ساتھ بنالی، اس واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا ہے۔

ہفتے کی شام سمن آباد کے علاقے ملت پارک میں بھی موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے 5افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

مجاہد فورس، ڈولفن فورس، پیروز فورس کہتے ہوئے بھی شہر میں ڈاکوؤں کا راج ہے، خوفزدہ شہری پوچھتےہیں کہ لاکھوں روپے کی قیمتی موٹر سائیکلیں، 18سو سی سی گاڑیاں اور جدید اسلحہ پولیس کے پاس ہے مگر شہر میں پھربھی ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیںکیا طرح طرح کی پولیس صرف دکھلاوے کے لیے ہے؟

اس حوالے سے پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کا کہنا ہے کہ یہ چونکا دینے والا واقعہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے،ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام شہر کی کیمروں سے مانیٹرنگ کا پروجیکٹ لارہے ہیں،جو 3 ماہ میں مکمل ہوجائے گا، ڈولفن فورس کے آنے سے اسٹریٹ کرائم میں 25 سے30 فیصد کمی آئی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں جرائم کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں، نیویارک اور واشنگٹن میں بھی کرائم کی وارداتیں ہوتی ہیں۔