وزیر اعلیٰ سندھ سے کورکمانڈر کراچی کی ملاقات

General Naveed Mukhtar And Qaim Ali Shah

General Naveed Mukhtar And Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل درآمد کرانے کیلئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہے اورآخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن،ملٹری کورٹس کو بھیجے گئے کیسز اور دیگر کیسز بھیجنے اور سانحہ صفورا میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران پراسیکیوشن کے معاملات بھی زیر غورآئے اور وزیراعلیٰ سندھ نے کورکمانڈر کو بتایا کہ نئے پراسیکیوٹرز کی تقرریاں مختلف مراحل میں ہیں، انسداد دہشت گردی کی دس نئی عدالتوں کے قیام اور نئے پراسیکیوٹر کی تقرری کے بعد تعطل کا شکار کیسوں میں کمی ہوگی اور مقدمات وقت کے اندر مکمل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد سینٹرل جیل توڑنے کی سازش ناکام کرنے میں انٹیلیجنس ایجنسیوں اور پاکستان آرمی کی کوششوں کی تعریف کی۔