اگر چین نے شمالی کوریا کا مسئلہ حل نہ کیا تو امریکہ خود اس مسئلے کو حل کرے گا: صدر ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے پوری امیدہے کہ چین خوش اسلوبی کے ساتھ شمالی کوریا کے مسئلے سے نمٹے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مسئلے کو آسانی سے حل کرلیا جائے گا لیکن حل نہ کرنے کی صورت میں ہم خود کوریا کے خلاف کاروائی کرسکتے ہیں۔

دریں اثنا عالمی ذرائع ابلاغ نے امریکا کے حکومتی حلقوں کے حوالے سے کہا کہ شمالی کوریا نے ایک اور جوہری دھماکے کی تیاری مکمل کرلی اور وہ ہفتے کو تجربہ کر سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے جو اس وقت ماسکو میں ہیں کہا کہ شام کے تنازع پر شدید اختلاف کے باعث روس اور امریکا کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر آگئے ہیں، تاہم صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ روس کے ساتھ معاملات طے ہوجائیں گے۔

مناسب وقت پر ہر شخص حقائق کا ادراک کرلے گا اور پائدار امن قائم ہوجائے گا، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اس وقت شام اور شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے خاصے دبائو کاشکار ہیں۔