چین نے امریکہ کے تجارتی راز اور معلومات چوری کیں: ہلیری کلنٹن کا الزام

Hillary Clinton

Hillary Clinton

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے چین پر تجارتی راز اور حکومت کی معلومات چرانے کا الزام عائد کر دیا۔

نیو ہیمشائر میں صدارتی امیدوار کیلئے مہم کی ایک تقریب میں سابق وزیر خارجہ اور امریکہ کی سابق خاتونِ اول ہلیری کلنٹن نے کہا کہ چین دفاعی کنٹریکٹروں سے راز چرا رہا تھا۔ ’اس نے حکومت کی وسیع معلومات اڑا لیں تاکہ اسے سبقت حاصل رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ چین کی پرامن ترقی چاہتی ہیں لیکن امریکہ کو ’پوری طرح سے چوکنا‘ رہنے کی ضرورت ہے۔ ہلیری کلنٹن نے کہا ’چین کی فوج میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ عسکری تنصیبات قائم کر رہے ہیں جن سے فلپائن جیسے ان ممالک کو خطرہ ہے جن کا ہمارے ساتھ معاہدہ ہے کیونکہ وہ متازع زمین پر یہ تعمیرات کر رہے ہیں۔