چینی حکومت کا بھارتی فلم ’’فورس 2‘‘ کو شوٹنگ کی اجازت دینے انکار

Force 2

Force 2

ممبئی (جیوڈیسک) چینی حکومت نے بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم اور سوناکشی سنہا کی فلم ’’فورس 2‘‘ کی چین میں شوٹنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم گزشتہ دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’’فورس 2‘‘ کی شوٹنگ میں خطرناک اسسٹنٹ کرتے ہوئے گھٹنہ تڑوا بیٹھے تھے جس کے باعث وہ طویل عرصہ فلمی دنیا سے دور ہوگئے تھے جب کہ صحتیابی کے بعد فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع ہوئی تو فلم کی راہ میں ایک اور رکاوٹ نے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی حکومت نے اداکار جان ابراہم اور سوناکشی کی فلم کی شوٹنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جب کہ چینی حکومت کے مطابق فلم کی کہانی حساس ہے جو دنیا بھر کے مختلف ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی کارروائیوں کے گرد گھومتی ہے جس میں بھارتی اور چینی خفیہ ادارے بھی شامل ہیں۔

اس لیے فلم شوٹنگ کی اجازت دینا ملکی قوانین کے منافی اقدام ہے لہذا فلم کی چین میں شوٹنگ کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جاسکتی تاہم فلم ڈائریکٹر کی جانب سے شوٹنگ کی اجازت کے لیے چینی حکومت کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ فلم’’فورس 2‘‘ میں جان ابراہم اور سوناکشی سنہا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔