چترال میں ریسکیو آپریشن مکمل، ملبے سے دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا

Chitral Rescue Operation

Chitral Rescue Operation

چترال (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ رک گیا، چترال کے علاقے شیرشال میں برفانی تودہ گرنے کے بعد شروع کیا گیا ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا ۔ سکردو اور گانچھے میں راستے بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور کر رہ گئے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری تو تھم گئی لیکن لوگوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، چترال کے علاقے شیرشال میں گذشتہ روز برفانی تودہ گرنے کے بعد شروع کیا گیا ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔

امدادی ٹیموں نے دس افراد کی لاشیں اور دو کو زندہ نکالا، علاقے میں بجلی اور ہسپتالوں میں ادویات کی بھی قلت ہے جس سے لوگ سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔ ضلع کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں، گانچھے میں شدید برفباری کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

دیگر شہروں کا رابطہ بھی منقطع ہے کھمبے گرنے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔ سکردو میں ریکارڈ توڑ برفباری ہوئی جس نے نظام زندگی منجمد کر دیا، دریائے سندھ پر دو رابطہ پل اور دو گھر بھی تباہ ہو گئے۔ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں، کھمبے اکھڑنے سے بجلی بھی غائب ہے۔