کرس گیل نے 12 گیندوں پر نصف سینچری بنا کر یووراج سنگھ کا ریکارڈ برابر کر دیا

Chris Gayle

Chris Gayle

میلبرن (جیوڈیسک) کرس گیل کے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری ہی رہتا ہے اور کچھ اننگز میں ہی اس میں بریک آتا ہے اور اب یہ بریک بگ بیش میں اس وقت ختم ہوگیا جب گیل ایک بار پھر بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور صرف 12 گیندوں پر 50 رنز بنا کر بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

میلبورن رینی گیڈس کی جانب سے کھیلتے ہوئے کرس گیل نے پہلی بال پر ہی چھکا مار کر بولرز کو اپنے عزائم سے آگاہ کردیا اور پھر بولرز اور فیلڈرز بے بسی سے گیند کو باؤنڈری سے باہر جاتا دیکھتے رہے۔

گیل نے اس طوفانی اور جارحانہ اننگز میں صرف 12 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 بلند وبالا چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور یوں انہوں نے بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کا اتنی ہی بالوں پر نصف سینچری بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اننگز میں ان کااسٹرئیک ریٹ 329.41 رہا تاہم وہ 17 بالوں پر 56 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔

کرس گیل نے اس اننگز میں جہاں عالمی ریکارڈ برابر کیا وہیں انہوں نے بگ بیش تاریخ کی تیز ترین نصف سینچری بنانے کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے جب کہ سابق ریکارڈ 18 بالوں کا تھا جسے ٹم لیوڈ مین اور کرس لائن نے قائم کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میں انگلینڈ کے خلاف یہ ریکارڈ قائم کیا تھا جس کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے اس اننگز کے دوران اسٹیورٹ براڈ کے ایک اوور میں 6 چھکے بھی لگائے تھے۔