مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چوہدری علی ابرار

Gujarat

Gujarat

گجرات : مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کرسمس کے مبارک موقع پر ہم مسلمان برادری کی طرف سے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات چوہدری علی ابرار جوڑا نے سپینش پیزا پر بہادر بھٹی اور مسیحی برادری کی طرف سے منعقدہ کرسمس تقریب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ بہادر بھٹی ‘ ارشد بھٹی اور انکے دیگر رفقاء کار ہمارے لئے قابل احترام ہیں کیونکہ وہ ہماری غمی و خوشی میں شامل ہوتے ہیں۔ چیئرمین یونین کونسل علی پورہ میاں پرویز اختر پگانوالہ نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں کیونکہ جس انداز میں بہادر بھٹی’ ارشد بھٹی اور ایم مختار نے ہمیں اس تقریب کیلئے مدعو کیا اس سے ہمارے دل میں ان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

قیام پاکستان میں مسیحی برادری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ سٹی صدر سٹیزن فرنٹ شیخ عرفان پرویز نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کے اس مبارک موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم غمی خوشی میں مسیحی برادری کے شانہ بشانہ ہیں۔ بہادر بھٹی نے کہا کہ یہ تاریخی موقع ہے جب جشن عید میلاد النبی ۖ اور کرسمس ایک ساتھ آ رہے ہیں۔

مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں کیلئے یہ موقع اس بات کا سبق دیتا ہے کہ جس طرح قرآن اور بائبل الہامی کتابیں ہیں اور دونوں میں امن کا ہی درس دیا گیا ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے ملکر کام کرنا ہے۔ ارشد بھٹی نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دیکر حاصل کیا تھا اب ہمارا فرض ہے کہ اس کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ جس طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے یہ حکم دیا تھا کہ مملکت اور حکمرانوں کی تابعداری اور ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ ہم اس جذبہ کے تحت آج اکٹھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر تمام مسیحی برادری نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ پاکستان کی یکجہتی اور ترقی کیلئے ہمہ تن کام کرتے رہیں گے۔