شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس سے بارہ اور دیہاتوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک پہنچ گیا

Load shedding

Load shedding

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں ایک بار پھر بجلی بحران سنگین ہونے لگا. آگ برساتا سورج اور اوپر سے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب، شہری دوہرے کرب میں مبتلا ہیں۔ کئی کئی گھنٹوں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔شہروں میں دس سے بارہ گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی۔

بجلی اورپانی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو معمولات زندگی نبھانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے. دیہاتوں کی صورتحال بھی اس سے بھی زیادہ سنگین ہو چکی ہے جہاں چودہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے. وسطی پنجاب میں عوام 24 گھنٹے میں صرف 6 سے 8 گھنٹے ہی بجلی سے مستفید ہورہے ہیں۔

کراچی میں بھی کے الیکٹرک کی مہربانیاں جاری ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کا حال بھی سندھ اور پنجاب سے اچھا نہیں، یہاں کے لوگ بھی عام طور پر 24 میں سے 16 سے 18 گھنٹے بجلی کی سہولت سے محروم رہتے ہیں۔