شہری 5 دسمبر کو امن اور خوشحالی کے لئے ترازو اور بلے پر مہر لگائیں، محمد یوسف

M. Yousuf Jalsa UC 47 Paposh

M. Yousuf Jalsa UC 47 Paposh

2 کراچی : جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور خوبصورت شہر ہے، لیکن بدقسمتی سے اسے تاریکیوں کے گڑھے میں دھکیل دیا گیا ہے، اہل کراچی کو ڈرا دھمکا کر ووٹ لینے کے دن گئے، اب حالات بہتری کی طرف آ رہے ہیں

سراج الحق اور عمران خان کے تاریخی استقبال نے کراچی سے خوف کا ماحو ل ختم کردیا ہے، 5 دسمبر کا دن تبدیلی کا دن ثابت ہوگا۔ شہری 5 دسمبر کو گھروں سے نکلنے اور ترقی، امن اور خوشحالی کے لئے ترازو اور بلے پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاپوش نگر یونین کونسل 47، ناظم آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیدوار برائے چیئرمین محمد اقبال اور تحریک انصاف کے امیدوار برائے وائس چیئرمین محمد عمران خان نے بھی خطاب کیا۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ اہل کراچی بھتہ خوری،ٹارگٹ کلر ،بوری بند لاشوں کا کاروبار کرنے والوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے الوداع کہیں گے۔ہم اسے اپنا کراچی بنائیں گے، ایسا کراچی جہاں نوجوانوں کو روزگا ر ملے گا۔ پانی اور بجلی کا مسئلہ حل ہوگا۔

کراچی کو استنبول جیسا شہر بنائیں گے۔عالم اسلام کا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔5دسمبر کو ظالموں، کرپٹ مافیا، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف، مزدوروں کو زندہ جلانے والوں کے خلاف، جن لوگو ں نے چوکوں اور چوراہوں پر دہشت گردی کا بازار گرم کیا ان کے خلاف ووٹ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شہر پر بیرونی طاقتوں کی مدد سے حکمرانی کی گئی لیکن اب یہ کھیل جاری نہیں رہے گا۔

کراچی زخم خوردہ ہے۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف مل کر اس کے زخموں پر مرحم پٹی لگائیں گے۔ 5دسمبرکو عوام کا ووٹ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ 5دسمبر کو اسٹیٹس کو کو دفن کرنا ہوگا۔ ہم نے دبنے والے ہیں نہ جھکنے والے ہیں۔ اگر سرکاری مشنر ی نے ماضی کی طرح الیکشن کے بجائے سلیکشن کیا تو عوام کا ٰیہ سیلاب بہا کر لے جائے گا۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ 5 دسمبر کو کراچی کے عوام بھتہ خوری،دہشت گردی اور نفرت و تعصب کی سیاست کرنے والوں کو ہمیشہ ہمشہ کے لیے الوداع کہیں گے اور اس شہر میں اخوت ومحبت کی سیاست کریں گے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل 47 محمد اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کے عوام کے لیے تبدیلی اور امید کا پیغام اور موجودہ حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔

عوام کا ہم پر اعتماد کراچی کے تقدیر بدل دے گا۔تمام یونین کمیٹیوں میں ماڈل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ امیدوار برائے وائس چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے،تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے اور معیار تعلیم کو بلند کر نے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں گے