راہ چلتے شہریوں سے موبائل فون، نقدی چھیننے کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں، محمد یوسف

Crime

Crime

کراچی ا: سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی شرح پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہ چلتے مسافروں اور شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور خواتین سے زیورات چھیننے کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ چوری ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی دیگر وارداتوں سے شہریوں میں شدید خو ف و ہراس پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے مگر المیہ یہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

پولیس کی ناک کے نیچے شہری دن دہاڑے لوٹ لئے جاتے ہیں، جرائم پیشہ عناصر پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کی آزادانہ نقل و حرکت سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان عناصر کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوںنے کہا کہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف حقیقی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔