شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

 Kashmir Shutdown

Kashmir Shutdown

سرینگر (جیوڈیسک) سوپور ہلاکتوں کیخلاف مقبوضہ کشمیر بھر میں مکمل طور پر ہڑتال رہی۔ اس موقع پر تمام کاروباری مرکز، تعلیمی ادارے، دفاتر اور بینک بند رہے۔ جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہا۔

مقبوضہ کشمیر کے شہروں میں چھوٹے بڑے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے جس میں سوپور میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں لوگوں کے قتل کیخلاف تحقیقات کرکے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا۔

ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور دیگر آزادی پسند رہنماﺅں نے مشترکہ طور پر کر رکھی تھی۔ حریت رہنماﺅں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کے قتل کی ذمہ دار کٹھ پتلی انتظامیہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے بارے میں وزیراعلیٰ مفتی سعید کو نہ صرف سنجیدگی سے سوچنا چاہیے بلکہ انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ پچھلے ہفتے سوپور کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کشمیر کے علیحدگی پسندوں کا کہنا ہے کہ ان ہلاکتوں میں سرکاری خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ علیحدگی پسند کشمیریوں کی جانب سے جمعے کو سوپور میں ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔