گجرات کی خبریں 27/5/2016

GUJRAT NEWS

GUJRAT NEWS

گجرات (جی پی آئی) ضلعی انتظامیہ کے رویہ اور پرائیویٹ سکولز کیساتھ پولیس گردی کے خلاف ۔ ضلع گجرات کی تمام پرائیویٹ تنظیمیں متحد ہو گئیں اور آج ہونیوالے احتجاجی مظاہرہ میں مشترکہ طور پر شرکت کا اعلان ۔ گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ممتاز ماہر تعلیم سید ممتاز حسین شاہ نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی طارق جاوید چوہدری تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طارق جاوید چوہدری نے کہا کہ گجرات کی انتظامیہ نے موسم گرما کی تعطیلات کے سلسلہ میں بغیر کسی پیشگی نوٹس کے پولیس کے زور پر سکول بند کروائے اور سکول کے سٹاف کیساتھ بد تمیزی کی اور خواتین اساتذہ کو ہراساں کیا۔ اس کے خلاف آج ضلع بھر کے پرائیویٹ سکولز احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ گجرات پریس کلب کے سامنے ہونیوالے احتجاجی مظاہرہ میں ضلعی انتظامیہ ایسے افسران جنہوں نے پرائیویٹ سکولز کا تقدس پامال کیا ان کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس میں چوہدری محمد تسنیم’ چوہدری محمد شریف’ افتخاراحمد چیمہ’ شہزاد شفیق شرقپوری’ ناظم کھوکھر’ محمد شہزاد’ ملک ‘شیخ اسرار’ ناصر سلیم’ افضال رانجھا و دیگر نے شرکت کی۔
……………
گجرات(جی پی آئی) تبلیغ دین کی عالمی تنظیم تبلیغ اسلامی کی درسگاہ جامع تبلیغ اسلام کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و دستار بندی آج بروز جمعتہ المبارک تبلیغی مرکز نزد دربار سائیں کانوانوالی سرکار منعقد ہو گی۔ جو کہ نماز عصر تا رات 10تک جاری رہے گی۔ خصوصی بیان مولانا محمد ابراہیم عاجز قادری کرینگے۔ ضلع بھر سے نمائندہ وفود شرکت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ویلڈن دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے ہونہار طلبہ نے انٹرنیشنل کینگرو میتھ مقابلہ جات میں پاکستان بھر میں چھٹی پوزیشن حاصل کر کے 2 سلور میڈل اور دو برائون میڈلز حاصل کر لئے جبکہ 21 سے زائد و طالبات نے IKMC میں نوے فیصد سے زائد نمبر حاصل کر کے IKMC شرٹس جیت لیں۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کینگرو میتھ مقابلہ جات 2016ء میں دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس نے نمایاں پوزیشن حاصل کی اور پاکستان بھر میں تین طلبہ نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ دعا فاطمہ نے 109 نمبر حاصل کر کے سلور میڈل IKMC یو ایس بی ڈرائیو16 GB اور شرٹ بھی حاصل کی۔ عیشال فاطمہ نے IKMC میں 111 حاصل کر کے سلور میڈل IKMC یو ایس بی ڈرائیو اور شرٹ حاصل کی۔ محمد طہٰ نے برائونز میڈل جبکہ سیدہ ایمن اویس نے 98 نمبر حاصل کر کے برائونز میڈل اور شرٹ حاصل کی۔ ان طلبہ کیلئے IKMC کی طرف سے 20 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ جبکہ 21 طلبہ و طالبات نے 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کر کے IKMC شرٹس جیت لیں۔ ڈائریکٹر محمد شہزاد شفیق شرقپوری نے تمام طلبہ و طالبات کے والدین اور ایڈمنسٹریٹر و میتھ کوارڈینیٹر حافظ محمد طاہر کو مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔ جس طرح IKMC میں جس طرح شاندار پوزیشن حاصل کی گئی ہے یہ ہمارے سٹاف کی محنت کا نتیجہ ہے اور ہم اسی طرح محنت سے کام کرتے رہیں گے اور اپنے ادارے کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان گجرات انتظامیہ کی غیر قانونی مہم کیخلاف گجرات پریس کلب کے سامنے آج 27 مئی بروز جمعتہ المبارک کو بھر پور احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ ایسوسی ایشن کے سرکردہ رہنمائوں نے کہا ہے کہ پولیس گردی خواتین اساتذہ سے بد تمیزی ‘ اساتذہ کی توہین اور تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی بھی معاشرہ میں ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہم بھر پور احتجاج کریں گے ۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت طارق جاوید چوہدری’ چوہدری افتخار احمد چیمہ’ محمد شہزاد شفیق’ چوہدری شیراز گل اور چوہدری محمد تسنیم کریں گے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) جی پی آئی کا تعزیتی اجلاس ڈاکٹر رزاق احمد غفاری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نوجوان صحافی ڈاکٹر ذکاء اللہ صدیق کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں ذوالفقار علی باجوہ’ یاسر وریائ’ عمران کمبوہ’ عامر محمود چوہدری ‘ خالق چوہدری و دیگر نے شرکت کی۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) خواجگان موہڑہ شریف کے عرس مبارک کی تقریبات آج 27 مئی سے شروع ہو رہی ہیں۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ موہڑہ شریف پیر اولیاء بادشاہ فاروق کے زیر سرپرستی تقریبات کا آغاز ہو گا۔ یہ تقریبات تین دن جاری رہیں گی۔ پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی’ پیر اورنگ زیب بادشاہ قاسمی’ پیر ڈاکٹر فضیل عیاظ قاسمی ‘ پیر احمد فاروق زیدی اور پیر عمر زیب بادشاہ قاسمی کی زیر سرپرستی عرس کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جن میں ملک بھر سے علماء کرام ‘ مشائخ عظام و عقیدت مند شرکت کریں گے۔ جبکہ 29 مئی کو سجادہ نشین پیر اولیاء بادشاہ فاروق کی زیر نگرانی حضور ۖ کے جبہ مبارک کی زیارت کروائی جائے گی۔ اس تقریب میں آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے عقیدت مند بھی اپنی عقیدت کا اظہار کریں گے جبکہ پیر خانہ چینی والی سرکار سے قاری کرامت علی نقشبندی کی قیادت میں بہت بڑا قافلہ عرس میں شرکت کرے گا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی )ممتاز عالم دین حضرت علامہ قاری کرامت علی نقشبندی نے جگر گوشہ امام العارفین عالمی مبلغ اسلام حضرت پیر ڈاکٹر فضیل عیاظ قاسمی ‘ امیر انجمن محبان طریقت انٹرنیشنل موہڑہ شریف کو ، موضع موہڑہ شریف میں قاسمیہ زاہدیہ فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ جس میں روزانہ سینکڑوں مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اولیان موہڑہ شریف کی کرامت ہے کہ ان کے صاحبزدگان دنیا بھر میں خدمت خلق کے مشن کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اور ہم تمام عقیدت مندوں کی طرف سے انہیں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔
َََََََََََََََِِِ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن گجرات کے سالانہ انتخابات برائے سال 2016-17منعقد ہوئے جسمیں سیدنویدحسین شاہ ]دینا نیوز [ صدر ۔محمد احسان چھینہ نیوز ون جنرل سیکرٹری جبکہ انجم شہزاد چینل 5 سیکرڑی فنانس منتخب کر لئے گئے ممبران مجلس عاملہ میں سابق صدر عامر بٹ ، راجہ ریاض راسخ ، اعجاز احمد شامل ہونگے الیکشن کمیشن کے فرائض عبدالستار مرزا نے انجام دیئے معاونت ممبران عرفان حفیظ کھوکھرسید عاصم شاہ نے کی قبل ازیں سابق صدر سید اظہر جنگی نے عہدیداران ممبران کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا اس موقع پر سابق صدرا یسوسی ایشن اعجاز احمد شاکر سابق صدر عامربٹ ،راجہ ریاض ، مرزا یونس ،سعید چوہدری ،شہباز بٹ ،نوازش علی ،افتخار بٹ،راناشہزاد ،افتخار شاکر نے شرکت کی اس موقع پر سابق صدر اظہر شاہ کی ایک سالہ کار کردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر سید نوید حسین شاہ نے اپنے انتخاب پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ دوستوں نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے ٹھیس نہیں پہنچائونگا بحیثیت صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے وقار میں اضافہ کیلئے کام کرونگا اور تمام دوستوں ساتھیوں کا ساتھ لیکر چلوں گا انہوں نے کہا کی الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافی برادری کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ہم سب دوست ٹیم ورک کے ساتھ کام کرینگے اور تمام فیصلے ممبران کی مشاورت سے کیے جائیں گے نو منتخب جنرل سیکرٹر محمد احسان چھینہ نے تما م ممبران کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار اعتماد کرنے پر تمام دوستوں کا ممنون ہوں انشاء اللہ اپنی تنظیم کو مضبوط فعال بنانے کیساتھ ساتھ ممبران کے تحفط کیلئے تمام ساتھی ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے نو منتخب فنانس سیکرٹری انجم شہزاد نے کہا کہ میں تمام ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم پر اعتمادکا اظہار کیا اور بلا مقابلہ منتخب کر کے ہمارا مان بڑھایا اس موقع پر عبدالستار مرزا ، عامر بٹ ، اعجا ز احمد شاکر نے بھی خطاب کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباددی سابق صدر اظہر شاہ ، راجہ ریاض احمد راسخ ، عامر بٹ نے اپنے خطاب میں نو منتخب صدر نوید حسین شاہ ،جنرل سیکرٹری احسان چھٹہ ،فنانس سیکرٹری انجم شہزاد کو انتخاب پر مبارک باد دیتے ہوئے ملکر چلنے کا یقین دلایااور تنظیم کو مضبوط فعال بنانے کا عہد کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) جان لیوا حادثات کی روک تھام کیلئے ریلوے اسٹیشن سے شادیوال پھاٹک تک ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف حفاظتی دیوار بنائی جائے گی علاقہ کے مکینوں کو گزرنے کیلئے دو پیڈیسٹرین پل اور دیوار کے ساتھ سروس روڈ تعمیر کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے منصوبے پر کام کے معائنہ کے موقع پر اہل علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، ڈی او روڈز رائے نواز ، ٹی ایم او خرم محمود ، پی ایس او عثمان سرور اور ریلوے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فنڈز سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا مقصد شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہے جس پر کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے اس علاقہ میں مقیم شہریوں کو گزرنے کا راستہ فراہم کرنے کیلئے ٹی ایم اے گجرات کو دونوں پلوں کی تعمیر کا تخمینہ تیار کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں ان پلوں سے پیدل افراد کے علاوہ موٹر سائیکل سوار بھی گزر سکیں گے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بعد ازاں شادیوال روڈ کا بھی دورہ کیا اور نو تعمیر شدہ سیوریج نالوں کے معیار کو چیک کیا انہوں نے ہدایت کی کہ سڑک کے دوسری جانب بھی سیوریج نالہ جلد از جلد تعمیر کیا جائے اور دونوں اطراف نالوں کا لیول برابر رکھا جائے تاکہ سیوریج کا پانی ڈسپوزل تک باآسانی پہنچ سکے ۔ڈی سی او نے شادیوال روڈ سے منسلک سڑک کے ساتھ سیوریج نالے کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ڈی او روڈز نالے کی فوری طور پر صفائی کروا کے اسے ٹی ایم اے گجرات کے حوالے کیا جائے اور آئندہ سیوریج نالے میں مٹی ڈالنے والے اور اسے بلاک کرنے والے افراد کے مقدمات درج کروائے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) محکمہ پبلک ہیلتھ کے زیر اہتمام ضلعی واش کوارڈی نیشن کمیٹی کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر افضال افضل اور ماسٹر ٹرینر راجہ افتخار احمد نے ورکشاپ کے شرکاء کو تربیت دی ۔ ورکشاپ میں محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت متعلقہ دیگر اداروں اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کا مشن ہے کہ 2018سے قبل صوبہ کے تمام دیہات میں سینی ٹیشن کا سسٹم متعارف کروادیا جائے جس کے تحت تمام دیہی علاقوں میں رہائش پذیر عوام صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے گھروں میں لیٹرین کی تعمیر اور اس کا استعمال یقینی بنائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) تھانہ بی ڈوثزن کے علاقہ مچھلی بازار سے نامعلوم چور موٹر سائیکل چوری کر کے رفو چکر ہو گئے،تفصیل کے مطابق گزشتہ روز مچھلی بازار سے موٹر سائیکل نمبرGTL٧٣٣نامعلوم چوروں نے چوری کر لیا اورفرارہو گئے،پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)پولیس لائن گجرات میں پولیس جوانوں کیلئے تفریح ہال کا افتتاح تفصیلات کے مطابق پولیس لائن گجرات میں ڈی پی او رائے ضمیر الحق نے جوانوں کے فارغ اوقات کیلئے جدید تفریح ہال کا افتتاح کیا ۔جدید ریکریشن ہال میں فری وائی فائی اور بڑی سکرین کی LCDکی سہولت موجود ہے ۔جبکہ ہال کو آرام دہ بنانے کیلئے اس میں بہترین کالین اور تکیے رکھے گئے ہیں ۔ڈی پی او گجرات نے جوانوں کی انٹرٹینمنٹ کیلئے بہترین تفریح ہال بنانے پر انسپکٹر ضیغم ثناء کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)خوبصورت گجرات پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونیوالے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اہم منصوبے “باب گجرات ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، منصوبے پر 2کروڑ روپے لاگت آئی ہے، افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی ایز چوہدری اشرف دیونہ، چوہدری شبیر احمدتھے جبکہ مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہرالملک، چوہدری رضا علی وڑائچ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، چیئرمین سی پی ایل سی الحاج امجد فاروق، عابد فاروق، حاجی اورنگزیب بٹ، اور بڑی تعداد میں شہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ باب گجرات جی ٹی روڈ پر کٹھالہ چناب کے قریب تعمیر کیا گیا ہے جس پر دو کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں اور اس کیلئے فنڈز نیشنل اور این ایم فرنیچرز کے الحاج امجد فاروق اور عابد فاروق نے فراہم کئے ہیں ۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ باب گجرات جدید طرز تعمیر کا شاہکار منصوبہ ہے جس کا مقصد گجرات کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے اسی نوعیت کا گیٹ جی ٹی روڈ پر راولپنڈی کی جانب بھی تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے شہریوں میں اپنے شہر کی ترقی کے لئے کام کرنے کا بہت جذبہ ہے اگر اس جذبے کو صحیح طریقے سے برئوے کار لایا جاتا تو آج یہ شہر بہت سے دوسرے شہرو ں سے بھی آگے ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 12کروڑ روپے کی لاگت سے کڈنی سنٹر، تین کروڑ روپے کی لاگت سے برن یونٹ، 10کروڑ روپے کی لاگت سے ٹراما سنٹر، بیوٹیفکیشن آف گجرات، ایک کروڑ روپے لاگت سے سپشل چلڈرن کمپلکس، عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور میجر شبیر شریف شہید ہسپتال کنجاہ میں آئی سی یو وارڈ کا قیام، ایک کروڑ روپے سے ہلال احمر ہسپتال کھوجیانوالی اور کھاریاں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں،13کروڑ روپے لاگت سے گجرات کے شہریوں نے جمخانہ گجرات کو مکمل کیا ہے جو ملک کے چند بڑے کلبوں میں شمار ہوگا اسی طرح ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے لاگت سے دیوار گجرات، چالیس لاکھ روپے لاگت سے پولیس چوکی شہباز شریف پارک، پبی پارک اور کینال ویو پارک سرائے عالمگیر، تجمل پلے گرائونڈ، ایل ای ڈی لائٹس، المدثر ٹرسٹ، لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کھاریاں اور پولیس چیک پوسٹ شہباز شریف پارک جیسے منصوبوں میں سے متعدد مکمل ہو چکے جبکہ دیگر پر کام جاری ہے، تمام منصوبوں کی نگرانی اہل گجرات خود کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل گجرات نے 167سکولوں میں اپنی مدد آپ کے تحت اکیڈمک بلاکس، چار دیواری، ٹائلٹ بلاکس اور دیگر کام مکمل ۔انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کے فنڈز سے کنجاہ میں تعمیر ہونیوالا تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اپنی مثال آپ ہے اسی طرح شہباز پور پل کی تعمیر اور دونوں جانب بند کی تعمیر سے گجرات نہ صرف سیالکوٹ سے قریب ہو جائے گابلکہ گجرات سیلاب سے بھی محفوظ ہو جائے گا۔ایم پی اے چوہدری محمد اشرف دیونہ نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے جامع منصوبہ بندی اور شفاف طریقے سے فنڈز کا استعمال یقینی بنایا جارہاہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر حکومت اور شہری اسی جذبے سے آگے بڑھتے گئے تو بہت جلد نہ صرف گجرات بلکہ یہ صوبہ اور ملک بھی ترقی یافتہ ہوگا۔ اس سے قبل الحاج امجد فاروق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کبڈی ٹیموں کے مابین کبڈی کے مقابلے ملتوی کر دیے گئے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)کوٹلہ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کا قیام اوراس پر عمل درآمد بیشک یہ چیئرمین یوسی کوٹلہ چوہدری تنویراحمد کا عظیم اور بے مثال کارنامہ ہے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار کوارڈی نیٹر نادر اینڈ پاسپورٹ ضلع گجراتNA107عاطف چوہدری نے کیا انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے ضلع گجرات کے چیئرمینوں کے لئے ایک نمونہ اور مشعل راہ ہے کہ وہ بھی اس کی تقلید کر کے اپنی یونین کونسل کو صاف ستھرا کر سکتے جائیں یہ چوہدری تنویراحمد کا ایک انقلابی قدم ہے جو کہ علاقہ کی صفائی ستھرائی میں مددگار ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ یوسی کے عوام بھرپور ساتھ دیں تا کہ یہ منصوبہ کامیابی سے چلتا رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)سابق جنرل سیکرٹری کھاریاں پریس کلب ڈاکٹر ذکاء اللہ صدیق کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے درس قرآن کا اہتمام کیا گیا مولانا محمداصغر نے درس قرآن دیا اس موقع پر بڑی تعداد میں معززین علاقہ،سیاسی وسماجی،مذہبی اور عالمی ادبی شخصیات نے شرکت کی نمایاں طور پرامیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر طارق سلیم،راہنماPTIچوہدری ناصر احمد چھپر،چوہدری غضنفر اقبال امیر جماعت اسلامی زونPP115،میجر(ر) طارق جاوید ڈوگہ،کونسلر ملک عمران ڈوگہ،ملک ضیاء اللہ اعوان ڈوگہ،رانا محمداقبال،رانا عدنان کھاریاں،تنویر گوندل کھاریاں،صحافی سیدتنویرنقوی،صحافی جبارساگر،صحافی عرفان عباس،صحافی حکیم غلام شبر،صحافی طاہر رشید،چوہدری عمران انور امیر جماعت اسلامی کھاریاں،چوہدری محمدغیاث سابق امیر جماعت اسلامی کھاریاں،چوہدری عزیز کسانہ،چوہدری شکیل برسہ،میاں شبیر احمد،ملک صغیر حسین ڈوگہ،پروفیسر ابرار احمد،پروفیسر الطاف مجید،عارف عباس جہلم،چوہدری محمداقبال چک سجاول،سید شفقت علی شاہ لمے شریف،وحید فاروق بٹ،شیخ نسیم الغنی لالہ موسیٰ،قمر
محمود،حاجی محمد حسین اسلام آباد،کیپٹن(ر)ریاض انجم گوجرانوالہ،بابا عبدالرحمن،چوہدری محمدادریس کنجیال،فیصل رشید،ناظم حسین(DTE)ملک اسجد اعوان،ملک دانش عباس،ملک محمدیونس،ملک ثقلین حبیب ڈوگہ،اختر حسین (کویت)ملک سجاد،چوہدری عبدالمناف مہمند چک اور دیگر شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)پاکستان میں60فیصد اور35فیصد بچیاں کم عمری میں محنت مزدوری کررہے ہیں اور چائلڈ لیبر کے زمرے میں آتے ہیں ان کام کرنیوالے بچے،بچیوں کی عمریں12اسال سے شروع ہوکر15سال ہیں جو کہ ہفتہ وار گزارا الائونس پر کام کرتے نظر آتے ہیں جو کہ ملک میںچائلڈ لیبرایکٹ کی سرعام خلاف ورزی سے حکمران اپنے احکامات پر عملدرآمد کروائیں اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ کریں حکومت پنجاب کا فوکس صرف اور صرف بھٹہ مزدوروں کے بچوں تک ہی ہے مگر لاکھوں بچے گھروں،ہوٹلوں اور دکانوں پر کام کررہے ہیں ان کی طرف کوئی تو جہ نہیں ہے غربت کے ہاتھوں مجبور یہ بچے محنت مزدوری کرتے ہیں عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے اور ہر سطح سے اکا خاتمہ کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)ممبر کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں ہارون بھٹی کی خصوصی دعوت پر پریذیڈ نٹ کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر صادق راہیCEOنے گذشتہ توز گیمن کالونی چرچ کا دورہ کیا گیمن بی۔ایف کواٹروں کا دورہ کیا اور چرچ کی زمین میں اضافہ کرنے اور سہولیات کی فراہمی بارے بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ بی ایف کوارٹروں کی سیوریج کا مسئلہ بھی حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی اس موقع پر بریگیڈئیرصادق راہی نے کہا کہ کرسیجن کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ممبر بورڈ ہارون بھٹی کی تجاویز کی روشنی میںکام ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)چائینہ سے درآمد مسافر بوگیاں و انجن کے پائیدان اونچے پاکستان ریلوئے پلیٹ فارم نیچے ہوگئے۔پاکستان ریلوئے نے مین جنکشن کے پلیٹ فارم ادھیڑنے شروع کر دیے۔ وزارت ریلوئے نے چائینہ سے نئے مسافر سلیپر اور جو انجن درآمد کئے ہیں ان کے پائیدان پاکستان بھرکے پلیٹ فارمزکی اونچائی سے ایک فٹ بلند اور پاکستان کے ریلوئے اسٹیشن پلیٹ فارم نیچے ہیں جس سے خواتین سینئرمسافروں اور بچوں کی ٹرین میں سوار ہونے اور اترنے میں شدید مشکلات درپیش آ رہی تھیں پاکستان ریلوئے نے ملک بھر کے تمام اہم پلیٹ فارم کو ایک فٹ بلند کرنے کامنصوبہ بنایا جس کے تحت وزیرآباد ریلوئے جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر4 اور5 کوایک فٹ تک اپ کرکے ٹف ٹائل لگائی جائے گی جس پر90 لاکھ کی لاگت آئے گی اس منصوبہ کو 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔بتایا جاتا ہے ایکسپریس ریل گاڑیوںکی رفتار کو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لایا جائے گا جس کیلئے گنجان آبادی والے علاقوں کے گردریلوئے لائن کے ساتھ کنکریٹ کی دیوار تعمیر کی جائے گی اس سلسلہ میں نالہ پلکھو سے ڈبل پھاٹک تک ریلوئے لائن کے ساتھ کام جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیرآباد ریلوئے اسٹیشن کی نئی عمارت کا نقشہ منظوری کے مراحل میں ہے منظور ی کے بعد نئی عمارت کی تعمیرکا کام بھی شروع ہو جائے گا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) قائد اعظم پبلک سکول میں تدریسی وغیر تدریسی شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات میں فاطمہ اصغربھٹہ،لائبہ اصغربھٹہ،طہورعمر اللہ والے،محمدساریہ بشیر،حسن فاروق،عثمان فاروق،اورمحمدسعدمیںانعامات تقسیم کئے گئے ۔پرنسپل ڈی پی ایس سکول گوجرانوالہ ساجد جمال خان پرنسپل فاطمہ جاوید ڈار اور سماجی شخصیت خواجہ ضرارنے تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد کے نونہالوں کو ڈی پی ایس سکول بہتر تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی))فیصل آباد کلب پوما فٹ بال کلب کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا۔گزشتہ رات حافظ محمدسلیم اللہ والے آل پنجاب میموریل فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنا منٹ کے پہلے سیمی فائنل میں فیصل آباد نے پنلٹی ککس پر پوما فٹ بال کلب وزیرآباد4 کے مقابلے میں5 گول سے شکست دے کو فائنل میں جگہ بنالی،پہلا سیمی فائنل مقررہ وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی میچ کا فیصلہ پلنٹی ککس پر ہوا۔مہمان خصوصی پی ٹی آئی کے رہنما شبیر اکرم چیمہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)اسسٹنٹ کمشنرمحمدانوبریار کی نگرانی پرنسل سٹاف آفیسر محمد آصف ،مہر محمد اشفاق نے محکمہ تعلیم کے باہلکاروں کے ہمراہ شہر کے مختلف پرائیوٹ سکولوں سکالر فائونڈیشن ماڈل سکول دھونکل،لارنس سکول دھونکل،اقراء سکول سسٹم دھونکل،آئیڈیل سکول دھونکل،الائیڈ سکول دھونکل،محمڈن گرائمر سکول دھونکل،لطیف ماڈل سکول دھونکل روڈ، محمدشفیع خلیل سکول جلالپورہ،دی نیشنل سکول وزیرآباد،نیشنل ماڈل سکول وزیرآبادکو سختی سے بند کروادیااور سخت وارننگ دیتے ہوئے سختی سے تنبیہ کی کہ آئندہ حکومت پنجاب کے محکمہ تعلیم پالیسی کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جمہوری قوتوں نے اپنا احتساب نہ کیا تو کوئی اور کرے گا۔ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کو یقینی بنانا ہو گا۔ ورنہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا۔پاکستان میں بے رحمانہ احتساب تک غریب عوام پستے رہیں گے۔ 25مئی سے27مئی تک پشاور تا کراچی سراج الحق کی قیادت مین کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ سے کرپشن کے خلاف بیداری پیدا ہو گی۔سیاستدانوں کو ایک دوسرے پر الزامات کی بجائے اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔ وہ صابر حسین بٹ کی زیر قیادت زمان حیدر چیمہ ،عدنان احمد کھرل، اویس جاوید، عقیل احمد پر مشتمل جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا نااہل حکمرانوںسے ایٹمی طاقت پاکستان کو گدا گر بنا دیا ہے قوم کے بچے بچے کو مقروض کرنے والے خود عالی شان محلات میں عیش کی زندگی گذار رہے ہیں ۔نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ کرپشن مافیا کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا ملک نجانے لوٹی دولت واپس لینے اور کرپشن کے خلاف عوام منظم کرنا ہو گا۔ جب تک کرپٹ لوگوں اور اداروں کی بد عنوانی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں صدرسے لیکر عام آدمی کا احتساب ہو سکے۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ملک کو جیالوں اور متوالوں کی بجائے رکھوالوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا کردار بالکل واضح ہو گیا ہے ۔پاکستان میں کرپشن سے پاک قیادت اور بگلہ دیش مین پاکستان کی محبت میں بھانسیاں واضح کرتی ہیں کہ جماعت اسلامی ہی احتساب کر سکتی ہے۔ اور استحکام پاکستان کے لئے اسکی جدو جہد تاریخ کا سنہری حصہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)معروف سماجی تنظیم ”اخوت” کے زیر اہتمام گزشتہ روز پنجاب سول آفیسر میس جی او آر میں کم وسائل یافتہ اورسپیشل بچوں کے لئے کام کرنے والی تنظیم سوسائٹی فار ایجو کیشن اینڈ ٹیکنا لوجی کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی معروف شاعر امجد اسلام امجد تھے ‘پروگرام کی صدارت اخوت کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی نے کی جبکہ سوسائٹی فار ایجو کیشن اینڈ ٹیکنا لوجی کی صدر مسز سائرہ طاہر ‘ جنرل سیکرٹری ائیر مارشل(ر)خورشیدانور مرزا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سوسائٹی فار ایجو کیشن اینڈ ٹیکنا لوجی کی صدر مسز سائرہ طاہر نے ادارہ ہذا کے بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ گزشتہ 15سال سے کم وسائل یافتہ اور گونگے بہرے بچوں کوکمپیوٹر پروگرام اور پروفیشنل سکلز کی تربیت دے رہا ہے جبکہ ان کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد ان کی ملازمت کیلئے بھی مدد کرتا ہے اور اس وقت بہت سارے بچے نہ صرف بر سر روزگار بھی ہیں بلکہ وہ اپنے خاندان پر بوجھ بننے کی بجائے ان کا ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ڈاکٹر اظہار الحق اور امجد اسلام امجد نے کہا کہ اس وقت پوری دنیامیںٹیکنیکل تربیت دی جارہی ہے تا کہ ہر کسی کے پاس تعلیم کے ساتھ ساتھ کوئی ہنر بھی ہو لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا ٹرینڈ نہیں ہے۔ اچھی سوچ سے انقلاب برپا ہوا کرتے ہیں اور ضرورت سے زائد دولت بھی انسان کیلئے ایک امتحان ہے اور اگر وہ اسے فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرتا ہے تو یہ اسکی امتحان میں کامیابی ہے۔انہوں نے سوسائٹی فار ایجو کیشن اینڈ ٹیکنا لوجی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اس وقت محدود وسائل کے باوجود بہت بڑا کام کر رہا ہے کسی ایک انسان کو انسان بناناپوری نسل کوبنانے کے مترادف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی(جی پی آئی)ا پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اقلیتوں کو اس ملک کے جھنڈے میں جگہ دی گئی ہے مگر افسوس کے آج ہمارے دلوں میں ان کے لیے جگہ نہیں ہے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافیاں دیکھ کر افسوس ہوتا ہے چند مٹھی بھر لوگوں نے اس نظام کو مفلوج بنایا ہوا ہے جمہوریت کے نام پر اس ملک کے لوگوں اور آنے والی نسلوں کو بھکاری بنادیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال میں حیدرآباد پولیس کے ہاتھوں ہاف فرائے ہونے والے دیپک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیپک ایک پڑھا لکھا نوجوان ہے جو کہ ڈاکٹری کا کورس کررہا تھا کسی کام سے حیدرآباد جانا ہوا تو پولیس کے روپ میں موجود بھیڑیوں نے ان پر فائرنگ کردی اور اسے ہاف فرائے کردیا جس سے دیپک کی ایک ٹانک اور بازوضایع ہوچکا ہے حیدرآبد پولیس کی طرف سے اس کیس کو دبانے کے لیے دیپک اور سنیتا پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ اگر انہوں نے ایسا کچھ کیا تو ان کانہ علاج کرایا جائے گا نہ کوئی سہولت دی جائے گی ، سنیتا نے پولیس حکام کو سارے ثبوت اور نادرا کی تصدیق بھی انہیں دکھائی گئی ہے کہ یہ شریف پنہور نہیں دیپک راج ہے مگر پھر بھی حیدرآباد پولیس یہ ثابت کرنے میں مصروف ہے کہ یہ دیپک نہیں شریف پنہور ہے انہیں ایک سال سے زائد کا عرصہ گذر چکہ ہے دیپک کے ایک ہاتھ میں ہتکڑی لگی ہوئی ہے جبکہ دوسرا ہاتھ صحیح طرح سے کام نہیں کرتا پولیس والے ان کی نگرانی کے لیے اسے بٹھائے گئے ہیں جیسے یہ کوئی ڈاکو ہوں اس واقعے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے کہ کس طرح ایک غریب کی زندگی اجاڑ دی گئی اس کا گھر اس کا مستقبل تباھ کردیا گیا کوئی پوچھنے والا نہیں کوئی داد رسی کرنے والا نہیں کیوں کہ یہ اس ملک کیرہنے والے ہیں ان کا قصور صرف یہ ہے کہ یہ لوگ اقلیت میں پاکستان کے جھنڈے میں اقلیتوں کو جگہ دی گئی ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اگر جگہ نہیں ہے تو ہماری دلوں میں سندھ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی وجہ سے عوام کا اعتماد پولیس سے اٹھ چکا ہے اگر پولیس سے غلطی ہوئی ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے حیدرآباد پولیس ان کے معاملے کو حل کرنے کی بجائے انہیں ڈرا رہی ہے اس معاملے پر سول سوسائٹی کی خاموشی بھی افسوسناک ہے یہ صورتحال پیدا ہوچکی ہے کہ لوگ اب ڈاکوئوں اور لٹیروں سے زیادہ پولیس سے ڈرنے لگی ہے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس معاملے پر انہیں اکیلا نہیں چھوڑی گی ہم سے جتنی مدد ہوسکے گی ہم ان کی مدد کریں گے اور ہر فورم پر ان کاساتھ دیں گے ،انھوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ پولیس میں موجود ان کالی بھیڑوں کے خلاف کاروائی کی جائے دیپک کے معاملے میں ملوث افسران اور اہلکاروں کو سزا دی جائے دیپک اور ان کی فیملی کو انصاف مہیا کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔