گجرات کی خبریں 06/02/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے زیر اہتمام قومی یکجہتی یوم کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کئے۔ شہزاد شفیق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے کشمیر اور پاکستان کی ثقافت ایک ہے۔ عرصہ دراز سے کشمیری مسلمان پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے کوشاں ہیں۔ یو این او اور دیگر تمام طاقتیں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں ناکام آ رہی ہیں۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کی اخلاقی مدد کر رہی ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ جنگ میں لڑ رہا ہے ۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں اور کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ اس موقع پر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے بچوں نے مختلف خاکہ جات بھی پیش کئے۔ ایڈمنسٹریٹر حافظ محمد طاہر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ملک بھر کی طرح گجرات میں یوم کشمیر ملی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جامع مسجد شہنشاہ ولایت خطبہ جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستانی عوام کشمیریوں عوام کے شانہ بشانہ ہے۔ اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے کوشاں ہے۔ حکومت پاکستان کشمیر کمیٹی کے سربراہ ان لوگوں کو بنائے جو کہ پاکستان اور کشمیریوں کا دکھ درد رکھتے ہوں۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف میں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ عرس مبارک کی تقریبات دو روز تک جاری رہیں گی۔ تقریبات کا آغاز دربار شریف کو غسل دینے سے ہوا۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ چھالے شریف پیر سید انتصار الحسن شاہ سروری قادری’ پیر سید ابرار الحسن شاہ ‘ پیر سید اسرار الحسن شاہ نے مریدین کے ہمراہ دربار شریف کو غسل دیا اور چادر چڑھائی۔ اس موقع پر ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی گجرات کے زیر اہتمام 10 فروری کو ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں سپیشل بچوں نے سپورٹس فیسٹیول منعقد ہو گا۔ جس کی صدارت ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کریں گے۔ اس موقع پر ضلع بھر سے آئے ہوئے سپیشل بچے مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ ندیم بٹ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی نگرانی میں انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ممتاز نوجوان سماجی و کاروباری شخصیت سیٹھ یاسر لطیف صراف نے یوم کشمیر کے موقع پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رَگ ہے اور پاکستانیوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ بھارت اپنی تمام تر کاوشوں کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکا اور آنے والا وقت کشمیریوں کا ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ کشمیریوں کی یکجہتی کی تحریک کو آگے بڑھایا ہے۔ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے بارے ایسے فیصلے کرے جن سے کشمیریوں کو ان کا حق مل سکے۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) گجرات میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، اس حوالے سے مرکزی تقریب ضلع گجرات اور آزاد کشمیر کے سرحدی قصبے چڑیاولہ میں منعقد ہوئی، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی قیادت میں ریلی کے شرکاء آزاد کشمیر کی سرحد پر پہنچے جہاں پاکستانی و کشمیری عوام نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور جدوجہد آزادی کشمیر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع بھمبر مرزا ارشد جرال، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے چوہدری شبیراحمد، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل ایس پی کامران ممتاز،، اسسٹنٹ کمشنر ز میاں اقبال مظہر، شعیب نسوانہ،ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈی ای اوز نثار میو، محمد پرویز، ٹی ایم او ملک شفقت منیر، پی ایس او عثمان سرور، اور بڑی تعداد میں افسران ، معززین علاقہ، سکولوں کے طلبہ اور دونوں اطراف کے رہائشی افراد نے بڑی تعداد میںموجود تھے۔ تقریب کے شرکا ء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان، کشمیر اور کشمیری مجاہدین کے حق میں اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور مظالم کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں کے لئے انتہائی اہم دن ہے جب اقوام متحدہ نے کشمیر میں حق خود ارادیت کے لئے قرار دا د منظورکی تاہم اس پر ابتک عمل نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں پاکستانی عوام، افسران و عوامی نمائندوں نے بھر پور شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ہمار ا تن من دھن کشمیریوں کے ساتھ ہے ،پاکستانی حقیقی معنوں میں کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کشمیریوں کا کیس اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اٹھایا اور انکی اخلاقی و سفارتی امداد کا سلسلہ آزادی کشمیر تک جاری رہے گا۔ ایم این اے چوہدری عابد رضا نے کہا کہ کوہالہ سے بھمبر تک کشمیری یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں جبکہ پاکستانی عوام نے یوم یکجہتی کے پروگراموں میں بھر پور شرکت کرکے پور ی دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قرار داد آج کے دن منظور کی تھی اور اسے اپنی اس قرار داد پر عمل درآمد کرانا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ آج کے دن بھارت کو ایک بات سمجھ لینا چاہیے کہ اسے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینا ہوگا اور مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی علاقہ اور دنیا کا امن وابستہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع بھمبر مرزا ارشد جرال نے ڈی سی او گجرات، ارکان اسمبلی اور پاکستانی عوام کا کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ یوم یکجہتی کی تقریب میں بھر پور شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام کشمیر اور کشمیریوں سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ممتاز عالم دین علامہ محمد اصغر یزدانی آف یوکے نے سید سعادت حسین شاہ کے ختم قل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی مدینہ سیداں میں خدمات ہر کسی پر عیاں ہیں۔ سید سعادت حسین شاہ نے مسالک سے بالا تر ہو کر علاقہ کی خدمت کی اور مدینہ سیداں میں پرائمری سکول کا وجود عمل میں لایا جس کو بعد میں ڈگری کالج کا درجہ حاصل ہوا۔ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش جہالت کے خاتمے کیلئے مدینہ سیداں میں مذہبی اور رسمی تعلیم کی شمعیں روشن کیں۔ جس کی مثال قصر ابو طالب کے نام پر پراجیکٹ اور مدینہ سیداں ماڈل کالج ‘ گورنمنٹ کے تمام سکولز ہیں۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب’ بیوگان اور یتیموں کی مدد ‘ مستحقین کا سہارا بنے رہے۔ غرض یہ کہ بلا تفریق مسلک لوگوں کو حج کروانا بھی انہی کا شیوہ رہا ہے۔ سید سعاد ت حسین شاہ جیسے افراد صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ علامہ سید ناظم حسین جعفری نے کہا کہ سید سعادت حسین شاہ کی خدمات بلا شبہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے جس طرح مدینہ سیداں میں ہر مکتبہ فکر کے افراد کیساتھ تعاون کیا اہل علاقہ ان کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی وفات کے بعد جس طرح لوگ انکی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں رہتے تھے۔ جس طرح وہ اپنی زندگی میں لوگوں کی خدمت کو اپنا مشن بنائے ہوئے تھے ان کی اولاد بھی انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام الناس کی خدمت اور تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرے گی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے علاقہ کی تمام مساجد کیلئے عطیات دئیے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر گجرات ندیم بٹ نے سپیشل پرسن اور ڈویثرنل ممبر امن کمیٹی لالہ جی سعید اقبال مرزا کو ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی (سپیشل پرسن) ضلع گجرات کا چیئرمین نامزد کردیا ہے ندیم بٹ نے کہاکہ لالہ جی سعید اقبال مرزا عرصہ35سال سے معذور افراد کی بحالی اور انکے مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کررہے ہیں ندیم بٹ نے لالہ جی سعید اقبال مرزا کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے لالہ جی سعید اقبال مرزا کو سپیشل پرسن کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ لالہ جی پہلے ہی سماجی کاموں کے حوالہ سے بہت زیادہ مشہور ہیں وہ بطور چیئرمین ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی سپیشل پرسن معذور افراد کے لیے کام کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ضلعی انتظامیہ کی نااہلی اور سستی کی وجہ سے گجرات شہر اور گردونواح میں ری فلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا جبکہ شہر بھر میں منی پیٹرول پمپ بھی سرعام تیل کی فروخت کرنے لگے ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ریلوے روڈ ، سرگودھا روڈ ، جی ٹی روڈ ، قمر سیالوی روڈ ، سروس موڑ ، جنر ل بس اسٹینڈ سمیت کئی ویگن کے اڈوں کے اندر سرعام گیس کی ری فلنگ کی جارہی ہے اور محکمہ سول ڈیفنس کی ملی بھگت سے پورے شہر گجرات اور دیہاتی علاقوں میں منی پیٹرول پمپ سرعام پیٹرول فروخت کررہے ہیں مگر ان کوکوئی پوچھنے والا نہیں اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ بھی ان کے خلاف کریک ڈائون نہیں کررہی گیس کی ری فلنگ اور سرعام کھلے تیل کی فروخت سے کئی بے گناہ جانوں کا ضیاع بھی ہوچکا ہے مگر یہ دھندہ ابھی تک جاری ہے گجرات کے سماجی حلقوں نے ڈی سی او گجرات سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ممتاز تاجر راہنماء شجاع الدین میر نے ایک بیان میں کہاکہ کمشنر انکم ٹیکس سیالکوٹ کو ایک تحریری خط ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنرانکم ٹیکس سیالکوٹ کو گجرات میں کسی ڈیرہ پرنام نہاد تاجروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کی بجائے انہیں اپنے دفتر یا کسی ایسی جگہ پر میٹنگ کا انعقاد کرنا چائیے تھا جہاں گجرات کی تمام تاجر برادری بروقت پہنچ کر انکی بات سن سکتی انہوں نے کہاکہ تاجروں کے ڈیرہ پر تاجروں کے ساتھ کمشنر انکم ٹیکس سیالکوٹ کے مذاکرات زیب نہیں دیتے شجاع الدین میر نے مزید کہاکہ آئندہ کمشنر انکم ٹیکس سیالکوٹ کو چائیے کہ وہ گجرات کے تاجروں کے ساتھ اگر میٹنگ یا مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو وہ گجرات کے تمام تاجروں کو اپنے دفتر انکم ٹیکس بلا کر انکے ساتھ میٹنگ کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملکہ(جی پی آئی) کوٹلہ برادران نے عملی طور پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ حلقہ این اے107 کے ساتھ ساتھ ضلع گجرات کو بھی سنبھالنے کی مکمل اوربھرپور اہلیت رکھتے ہیں انشاء اللہ اب چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ضلع گجرات کو مثالی ضلع بنائیں گے ان خیالات کا اظہار چیئرمین یوسی گلیانہ ڈاکٹر محمد عباس چوہدری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات میں 48چیئرمینوں کی حمایت کے ساتھ ضلع گجرات میں سب سے نمایاں ہیں مسلم لیگ(ن) کے ضلع بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں چیئرمین منتخب ہوئے ہیں جوکہ جیت کی واضح دلیل ہے انشاء اللہ چوہدری محمد علی تنویر ہی ضلع گجرات کے چیئرمین منتخب ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔
ملکہ(جی پی آئی) قیمت ایک کلو گوشت کی اور گاہک کو 900گرام سپلائی ۔عوام کو قصائیوں کی مار ۔انتظامیہ لا علم۔تفصیل کے مطابق گلیانہ اور گردو نواح میں مرغ گوشت میں فراڈ اتنا بڑھ چکا ہے کہ عوام اس سے بالکل بے خبر ہیں ۔مرغ کا گوشت ۔گائے اور بکرے کا گوشت جس کی قیمت تو دوکانداروں نے لکھی ہوتی ہے ،لیکن گوشت کا وزن کم از کم 100گرام کم دیا جاتا ہے ۔اگر کوئی گاہک تکرار کرے تو اسے بغیر گوشت کے واپس بھی لوٹنا پڑتا ہے ۔ایسے ہی گلیانہ اور گرد ونواح کے دیہاتوں میں ہو رہا ہے ۔کہ گوشت کی قیمت تو فی کلو وصول کی جاتی ہے ،جبکہ وزن ایک سو گرام کم دیا جا رہا ہے ،اے سی کھاریاں اور انتظامیہ سے نوٹس لینے کا عوامی مطالبہ ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ملکہ(جی پی آئی) یوم یک جہتی کشمیر گلیانہ اور گردو نواح میں کوئی بھی پروگرام نہ ہو سکا ۔تفصیل کے مطابق پورے ملک میں یوم یک جہتی کشمیر منایا گیا ،لیکن گلیانہ اور اس کے ملحقہ دیہاتوں میں کوئی بھی سیاسی جماعت کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا پروگرام منعقد نہیں کر سکی ۔جبکہ سکولوں میںعام تعطیل ضرور کی گئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد(جی پی آئی)کشمیر کی آزادی تک جد وجہد جاری رکھیں گے ۔کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کے لیئے ان کی بھرپور حمایت کرتے رہے گے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزاد زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام نے مسلسل قربانیاں دے کر کشمیر کی آزادی کے لیئے جدوجہد کی ہے پاکستان علماء کونسل کشمیریوں کی بھرپور سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گی بھارت کو چاہیئے کہ کشمیروں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرے اقوام متحدہ کی قرار دودوں سے انحراف نہ کرے پاکستان کی عوام اور مذہبی طبقات کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںاور کشمیریوں کے بہادر ،جرات مندانہ نو جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے گزشتہ 68سالوں میںآزادی کے نیک مقصد کے لیئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہزاروں کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیںاور ہم دعا گوہ ہیں اللہ تعالیٰ وہ دن ہمیں دکھائے جب کشمیر ی بھارت سے آزاد ہو کر اپنی پر امن آزادانہ زندگی گزار سکیں انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی ،انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیئے اور شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے 10فروری کو اسلام آباد میں پیغام اسلام کانفرنس منقعد ہو گی اور یہ کانفرنس کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہو گی۔
۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہمسلم لیگ اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں،کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے، 65سال سے کشمیریوں کو حق استصواب رائے دینے کی قرارداد پر عمل نہ ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 8لاکھ بھارتی افواج کی تعیناتی کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، مسئلہ کشمیر کو حل کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے انہوںنے کہا کہ پاک بھارت امن کا راستہ کشمیر سے گذرتا ہے ۔کشمیر پاک بھارت کے درمیان ایک سلگتا ہوا ایشو ہے جسے حل کیئے بغیر امن مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے عہدیداروں و کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید بلال شیرازی نے کہا کہ کشمیر پر 65سال سے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد نہ کر کے بھارت سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں بلکہ یہ اقوام عالم کے چہرے پر سیاہ دھبا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، کشمیری نوجوانوں کو بھارت منتقل کیا جا رہاہے،انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل یواین او کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر پابندیاں عائید کرے ۔تاکہ مسئلہ کشمیر جلد از جلد حل ہوسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ملازمین کی ہلاکت کے واقع میں جو بھی ملوث ہے اُس کو قرار واقعی سزا دی جائے انہوں نے اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کو مزدورں کے حقوق غصب کرنے نہیں دے گی اور پی آئی اے کی نجکاری قوم کے ساتھ ظلم ہے حکومت عوام کو اُن کے حقوق دینے سے قاصر ہے لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننا کسی طور درست نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالے اور عوام کے حقوق کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دے لوگوں کو روزگار مہیا کرنا حکومت وقت کا فرض ہے نہ کہ اُن کے روزگار پر شب خون مارنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک میں افراتفری مچا دی ہے ہر طبقہ فکر حکومت کی پالیسیوں پر پریشان ہے۔ تحریک انصاف حکومت کو من مانیاں نہیں کرنے دے گی اور بھرپور احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کر دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی اور پارٹی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے چودھری ظہیر الدین جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی شریک حیات کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔ مرحومہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں، انتقال کی اطلاع ملتے ہی مسلم لیگی قائدین مقامی ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے چودھری ظہیرالدین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے انہیں حوصلہ و تسلی دی اور کہا کہ وہ ان کی پوری فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے ڈی گرائونڈ فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔#
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے ہندوستانی تسلط کو مسترد کر دیا ہے۔ بھارت کی انتہا پسند حکومت کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک کومزید دبانہیں سکتی۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی بدمعاشیوں پر پردہ نہ ڈالے، آزادی کی تڑپ ہر کشمیری کے دل میں موجزن ہے، بھارت نے بندوق کے زور پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کوروک رکھا ہے۔جس کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں ناکام ہو گئی ہے جس حکومت کے پاس مستقل وزیر خارجہ نہیں وہ عالمی سطح پر خارجہ امور کو کیا چلائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ 5۔ فروری کشمیری بھائیوں سے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر یکجہتی کے عزم کا اظہار ہے۔حکمران غداری کربھی لیں ، عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ جو عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر نہیں کرسکی۔ چیرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان میرے لئے قابل احترام ہیں لیکن ان کی کمیٹی کا کہیں کردار نظر نہیں آتا جو کبھی مرحوم نوابزادہ نصراللہ خان کی سربراہی میں ہوتا تھا۔ اس کے لئے واضح دلائل اور جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ محض عہدہ لے لینا کامیابی نہیں، اس منصب کے تقاضوں کے مطابق کردار بھی اہم ہے۔ کشمیر اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے سیمینار سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔1947ء میں مسلم اکثریتی علاقے جنت نظیر کشمیر پر ڈوگرا راج سے ساز باز کرکے بھارت نے قبضہ کیا۔ مگروہاں کے عوام کے رد عمل کی وجہ سے وہ اسے ہضم کرسکاہے، نہ آئندہ کرسکے گا۔کتنے عرصے سے پاکستان زندہ باد کے نعرے سری نگر سے اٹھ رہے ہیںاور گلی کوچوں میں سبزہلالی پرچم لہرا کر وہ اپنے پاکستانی ہونے کا ہر روز اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودبھارتی اعداد و شمار کے مطابق 6000۔سے زائد بھارتی فوجی افسران کشمیریوں کی جنگ میں ضائع ہوچکے ہیں۔ چھ لاکھ سے زائد فوج کشمیر میں تعینات ہے، مگر کبھی شرمندگی کے باعث بھارت نے اعداد و شمار کا اعلان نہیں کیا۔80۔ ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکا۔ مگر استقامت ہے کشمیری ماوں کی جو اپنے بچوںکی شہادت پر فخر کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کا سوال تو یہ ہے کہ کشمیر پر ہمارے حکمران اور پارلیمنٹ کیا کررہی ہے۔ جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی تو موجود ہے۔مگر اس کی کارکردگی کشمیر کے مسئلے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں کہیں نظر نہیں آرہی۔ شاید 5۔ فروری کو ان کا کوئی بیا ن آتا ہو، عالمی سطح پر کشمیر کمیٹی کا کہیں کوئی کردار نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر نعروں سے نہیں، جرائتمندانہ قیادت کے تدبر سے آزاد ہوگا ۔ ہندوبنیا کشمیر کو آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دے گا۔ نجی سکول میں آزادی کشمیر کانفرنس سے خطاب میں پیرمعصوم نقوی نے کہا کہ 68۔سال سے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے مگر ابھی تک عالمی ادارہ اپنا کردار ادا سکے، اسلامی تعاون تنظیم نے کچھ کیا اور نہ ہی پاکستان کے ذمہ دار اداروں نے اپنی غیر ذمہ دارانہ روش بدلی ہے۔جس کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ سرد خانے میں پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں قائد اعظم کے بعد کوئی مخلص اور جراتمند حکمران نہیں ملا کہ مسئلہ کشمیر حل ہوتا۔ ایٹمی پروگر ام کی بنیاد رکھنے والے مرحوم ذوالفقار علی بھٹو تھے، جبکہ وزیر اعظم نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے کا کریڈٹ لیتے ہیں مگر ابھی تک انہوںنے کبھی انڈیا کو دھمکی آمیز بیان تک بھی نہیں دیا کہ جس سے پاکستانی عوا م کی ترجمانی ہوسکے۔ہم تو بس بھارتی پروپیگنڈا کا شکار ہیں اوراسی میں الجھے ہوئے ہیں۔ میاں صاحب کی مودی سے دوستی بھی ہے مگر پاکستان اور کشمیریوں کو کچھ نہیںملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، اگر دشمن کے خلاف اسے استعمال نہیں کرنا تو کیا یہ ایٹم بم صرف دیکھنے کے لئے رکھے ہوئے ہیں۔ پیرمعصوم نقوی نے کہا کہ لگتا ہے کہ نواز شریف جعلی کشمیری ہیں، جومظلوم کشمیری ماوں اور بہنوں کی آواز بننے کی بجائے ، بھارتی وزیر اعظم مودی سے گلے تو ملتے ہیں، تحائف کا تبادلہ اور تجارتی معاہدے بھی کرتے ہیں۔مگر کشمیر کی بات نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ کشمیریوں جیسی جرات پیدا کریں، جو ظلم برداشت کرکے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں، کیونکہ کشمیر کی آزادی برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جوبھارت سے آزادی حاصل کئے بغیر ممکن نہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو مذاکرات میں شامل کئے بغیر کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو سکے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانچ جنگوں کے باوجود کشمیری عوام کوآزادی نہیں ملی اس مسئلے کا حل مذاکرات ہے۔ کشمیر حل ہونے سے دونوں ملکوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر سے نکلنے والے تمام دریا بھارت کے قبضے میں ہیں اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہو ا تو پاکستان میں پانی کا قحط پڑ سکتا ہے۔ خطے میں امن کے لئے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سال میں ایک دن منانے سے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں ہو سکتا، حقیقی یکجہتی کا تقا ضا ہے کہ پاکستان بھارت سے دو ٹوک انداز میں بات کرے کہ اگر یو این او کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیتا تو پھر سخت رویہ اختیار کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی تسلط کے مقابلے میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ جو مسلسل 68۔ سالوں سے بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ مگر افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ خطے کے عوام کے مطالبات کے باوجود گلگت بلتستان کو ابھی تک پاکستان میں آئینی طور پر شامل نہیں کیا گیا جوکہ بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا اور اس کے لئے وہاں کے عوام اور سیاسی جماعتیںبار بار متوجہ کرچکی ہیں۔وہ اسلامی تحریک پنجاب کے سیاسی سیل کے زیر اہتمام منعقد ہ کشمیر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں مولانا حسن رضا قمی، میاں فرزند علی چھچھر، شہباز حیدر نقوی، مولانا یعقوب حیدری اور دیگر رہنما وں نے بھی اظہار خیال کیا ۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ کشمیر پر قبضے کے بعد بھارت نے دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کے لئے جعلی انتخابات کے ڈرامے رچائے،1951ء میں شیخ عبداللہ کو نام نہاد انتخابات کے بعدکٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ اس کے بعد سے اب تک یہ سلسلہ جاری ہے ۔ اب کٹھ پتلی وزیر اعلٰی مقبوضہ کشمیر مفتی محمد سعیدکی موت کے بعد محبوبہ مفتی کوکشمیری لوگوں پر مسلط کرنے اور بھارتی ایجنٹ بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔مگر عوام نے ایسی کٹھ پتلیوں کوہمیشہ مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف پاکستان نے آزاد کشمیر میں عارضی نظام حکومت قائم کیا اور اسے متنازع علاقہ قرار دیا۔ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر خود بھارت لے کر گیا مگراب تک استصواب رائے کروانے سے گھبراتا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ مگرا فسوس ہمارے حکمران بھی بھنگ پی کر سوئے ہوئے ہیں۔ان کی سفارتی جدوجہد کہیں نظر نہیں آرہی حالانکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا کیونکہ وطن عزیز کے تمام دریاوں کا پانی اسی جنت نظیر ریاست سے آتا اور ہماری زمینوں کو سیراب کرتا ہے۔اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بھارت کے ساتھ مذاکرات اچھا آپشن ہے، مگراس کا کوئی نتیجہ تونکلنا چاہیے۔ بھارت نے ہمارے حکمرانوں کو صرف لالی پاپ دے رکھا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف سمیت موجودہ کابینہ میں آدھے سے زیادہ کشمیری ہیں، مگربھارت کے ساتھ تجارت، ثقافتی اور مذہبی وفود کے تبادلوں ومیت سب کچھ ہورہا ہے ، کشمیر پرکچھ بھی نہیں ہورہا۔اب تو بھارت کشمیر کی اکثریتی مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے ہندو وں کی آباد کاری کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آزادی کی تحریکیں صرف کشمیر ہی نہیں،پنجاب میں سکھوں کی خالصتان تحریک سمیت تری پور، میگالیا،میزو رام، مانی پور، آسام ، ناگا لینڈ میں بھی بھارتی مظالم سے تنگ عوام علیحدگی کی تحریکیں چلا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے انتہا پسند ہندووں نے مسلمانوں، نچلی ذات کے ہندووں، مسیحیوںاور دیگر اقلیتوں کے ساتھ جو ظالمانہ سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ اس سے میرا ایمان ہے کہ انشااللہ بھارت سے ایک اور پاکستان جنم لے گا، اس کا نام کوئی بھی ہو۔کیونکہ ظلم کی حکومت قائم نہیں رہ سکتی۔
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد سلیم مروت کے خصوصی ہدا ئت پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف تھانہ کوکارئی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نواب خان نے مختلف کاروائیوں کے دوارن اشتہاری ملزم شبین ولد خربورے سکنہ کمنگلئی کوکارئی کو گرفتار کرلیا،دیگر کاروائی میں عامر حمزہ سکنہ دیر کے قبضہ 1010گرام چرس برامد کی، اسماعیل،خالد،خورشید سے 270گرام چرس برامد کر لی،ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے،ڈی پی او سوات محمد سلیم مروت کے ہدائت پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف اپریشن کے باعث جرائم میں کمی آچکی ہے ،عوامی حلقوں نے بھی سوات پولیس کی بہتر کارکردگی کوسراہا،
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)لنڈاکے پولیس نے سوزوکی کے خفیہ خانوں سے 55کلو گرام چرس برآمد کرلی،ملزمان کے گرفتاری کیلئے تفتیشی ٹیم کی کاروائی جاری۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کو اندھیرے میں لنڈاکے چیک پوسٹ سے چند گز کے فاصلہ پر سوزوکی نمبر8179پشاور کھڑے ہوکر ڈرائیور ساتھیوں سمیت فرار ہوگئے،پولیس نے سوزوکی کے خفیہ خانوں سے55کلو گرام چرس برامد کرلی ،لنڈاکے پولیس کا کہناتھا کہ سوزوکی ڈرائیور نے جب چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں کو دیکھا تو رات کے اندھیرے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگنے لگے،پولیس کا کہناہے کہ ملزمان کے گرفتاری کیلئے تفتیشی ٹیم نے کاروائی شروع کی ہے،بہت جلد قانون کے گرفت میں آجائیگی
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)دفترایس ایس پی انوسٹی گیشن سوات میں ترقی پانے والے آفسران کو تر قی کے بیج لگانے کا ایک پُر وقار تقریب منعقدہوا۔ ترقی پانے والے آفسران میں سب انسپکٹر اعجاز خان اسسٹنٹ سب انسپکٹر فرمان علی ،سید رحمان ، بخت رحمان ، محمد افضل اور حبیب خان کو ترقی کے بیج ایس ایس پی گلُزار علی خان اور انسپکٹر آفسران زمان خان نے لگائے ۔ تقریب میں پرویز سپر نٹنڈنٹ ، ناہید خان لائن آفسر کے علاوہ تمام ہیڈ کوارٹر انوسٹی گیشن ونگ سوات نے شرکت کی ایس ایس پی انوسٹی گیشن گُلزار علی خان نے ترقی پانے والے آفسران کوہدایت کی کہ وہ نئے جگہو ں میں تعینات کئے گئے ہیں ۔ محکمہ پولیس میں ترقی حاصل کرنا انسان میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کرتا ہے اور ساتھ ساتھ ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیںترقی یافتہ آفسران کے ساتھ تمام شرکاء کو ہدایت ہوئی کہ وہ اپنے ڈیوٹی کو فریضہ سمجھ کر لگن کے ساتھ سرانجام دیا کریں ۔ عوام کے ساتھ اچھے طریقے سے پیش آیا کریں اور اپنے اپ کو عوام کا خادم سمجھاجائے نہ کہ حاکم ہر ایک مو قع پر دلیری سے کا لیا جائے ڈسپلن کا خیال رکھا کریں ۔ انوسٹی گیشن ونگ کا تعلق مقدمات کی تفتیش سے ہوتاہے۔ اسلئے سچ اور جھوٹ میں تمیز کرنا غیر جانبدار تفتیش عمل میں لانا اور ساتھ ساتھ مظلوم کی داد رسی کرنا ہوتاہے اور ملزمان کوٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتو ں میں پیش کرکے انکو سزایابی سے ہمکنار کرنا ہوتاہے ۔ اسلئے تمام مقدمات میں صاف ،شفاف اور غیر جا نبدار تفیتش عمل میں لایا جائے آخر میں تقریب دعا ئے کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)ڈپٹی کمشنر سوات کے حکم پر اے۔سی بابوزی عبدلناصِر خان اور ڈی ایف سی سوات ابوبکر محمود نے مینگورہ کے مختلف بازاروںمیں ہوٹلوں،بیکریوں اور قصائیوں کی دُکانوں پر چھاپوں کے دوران غیر معیاری خوردونوش، ناپ و تول میں کمی ,خودساختہ مہنگائی اور صفائی نہ رکھنے پر متعدد افراد کو جُرمانہ کر دیا۔ اسی طرح مرغی کا غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے دُکان کو سیل کیا جبکہ دو قصایوں کومہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر جیل بھیج دیا ۔ آج کے چھاپوں کے دوران تقریبا 85500 روپے نقد جرمانہ وصول کرکے آئیندہ کے لیے وارننگ دی کہ کسی نے غیر معیاری اشیائ ,ناپ و تول میں کمی یا خودساختہ مہنگائی کی کو شش کی تو وہ قا نون کے شکنجے سے بچ نہیںپائیگا ۔
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)واپڈا پیغام یونین سوات سرکل ہنگامی اجلاس زیرصدارت وائس چیئرمین سید عقل رحمن نعمانی منعقد ہوا، جس میں سوات سرکل چیف ارگنائزر عمرخطاب لالہ ، اپرسوات ڈویژن کے سیکرٹری خورشید عالم ، کبل سب ڈویژن کے چیئرمین شرافت علی شاہ کے علاوہ عہدیداروں اورملازمین نے شرکت کی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ حکومت واپڈا کی نجکاری کامنصوبہ فوری طورپرترک کریں ورنہ پی آئی اے جیسے حالات پیداہونگے انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طورپرایمپلائی سن بھرتی کریں ملازمین کی کمی سے ادارہ بچت کی بجائے خسارے کی طرف گامزن ہے اگراس کیلئے فوری بھرتی نہ کی گئی تو اس کے ذمہ داری حکومت پر ہوگی ۔ کیونکہ موجودہ ایچ ایچ یو میٹرریڈنگ پروگرام سٹاف نہ ہونے کیوجہ سے بالکل فیل ہوجائیگا۔ اسی طرح ریونیوسٹاف کلریکل سٹاف اورٹیکنیکل سٹاف بہت کم ہے۔ حکومت واپڈا اہلکاروں کے تنخواہیں پی آئی اے اوربینکوں کے مساوی کریں کیونکہ واپڈا بھی ایک مالیاتی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا میں ملازمین کیلئے حج کوٹہ بھی بحال کیاجائے۔