پاکستان پر گورداسپور حملے کے بھارتی الزام پر ایم آر پی کی مذمت

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بھارت کو جوہری طاقت بنانے والے سابق بھارتی صدر ابوالکلام کی وفات پر بھارتی قیادت اور عوام سے اظہار افسوس کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے سربراہ امیر پٹی نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کا قتل عام کرنے اور ان پر مظالم کی انتہا کرنے والی انتہا پسند جنونی بھارتی ہندو قیادت کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ بھارت کو جوہری طاقت بناکر اس کے دفاع کو استحکام اور بھارت کی ترقی کیلئے عظیم خدمات دینے والے ابوالکلام بھی ایک مسلمان ہی تھے۔

جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان ہمیشہ اپنے وطن سے وفادار اور دیانتدار ہوتا ہے۔ امیر پٹی نے بھارتی ریاست پنجاب میں پاکستانی سرحد کے ساتھ واقع گورداسپور میں تھانے پر مسلح حملے کا الزام بھارتی قیادت و وزرا کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے کو بھارت کی روایتی جنونیت و ہٹ دھرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنسی” را“ خود ہی بھارت میں دہشتگردی کراتی ہے۔

پھر اس کی ایماءپر بھارتی قیادت اس دہشتگردی کا الزام پاکستان پر ڈال کر دنیا کی نگاہیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارتی طبقاتی و ذات پات کے نظام سے بیزار عسکریتی علاقوں میں بھارتی فوجی و پولیس کاروائیوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانے کی سازش کرتی ہے مگر اب دنیا بھارت کے اصلی چہرے سے واقف ہوچکی ہے اسلئے نہ تو بھارت کا کوئی ڈرامہ چل سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کے امن کی بربادی کی کوئی بھارتی سازش کامیاب ہوسکتی ہے کیونکہ دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان کہیں کسی دہشتگردی میں ملوث نہیں بلکہ دہشتگردی کا شکار ایک امن پسند ملک ہے۔