سندھ حکومت کی رخصتی پر عوام مٹھائیاں بانٹیں گے ‘ راجونی اتحاد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی تحلیل کے بغیر بلاول کی جانب سے محکموں کی کارکردگی جانچنے کے فیصلے کو عوام کو بے وقوف بنانے کا پی پی کا نیا ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے پاکستان راجونی اتحادکے سینئر رہنما امیر سولنگی ‘ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ سرداراکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ یونس سایانی ‘ حاجی امیر علی خواجہ ‘ صدیق میمن زری والا اور اتحاد میں سامل مختلف برادریوں کے سربراہان و رہنماؤں نے کہا کہ بلاول محکموں کی کارکردگی جانچنے کی بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی جانچنے کیلئے سائیں سرکار کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹائیں۔

یا سندھ حکومت تحلیل کردیں تو عوام اور خود پیپلز پارٹی کے کارکنان و عہدیداران کی جانب سے بانٹی جانے والی مٹھائیاں ان پر حقیقت و احوال آشکارہ کرنے کیلئے کافی ہوں گی کیونکہ سائیں سرکار اور ان کی سندھ حکومت کے وزرأ و مشیران کی کارکردگی ‘ کرپشن اور جبر نے سندھ کے عوام کو ان بھیانک مسائل و مصائب سے دوچار کردیا ہے کہ اب عوام پیپلز پارٹی کا نام بھی سننا نہیں چاہتے اور سندھ میں عنقریب ہونے والے بلدیاتی انتخابات اس حقیقت کو بلاول پر بھرپور طریقے سے آگاہ کردیں گے۔

جب سندھ کے مظلوم عوام اپنے مسائل کے حل اور مصائب سے نجات کے ساتھ مستقبل کے تحفظ کیلئے برادریوں کی سطح پر منظم ہوکر اپنی برادری کے نمائندوں کو وٹ دیں گے اور مظلوم برادریوں پر مشتمل راجونی اتحاد بلدیاتی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرکے سندھ کی سب سے بڑی نمائندہ سیاسی جماعت کے طور پر ابھرے گا۔