شہر میں جاری پانی و بجلی بحران کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی

Water Crisis Karachi

Water Crisis Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں جاری پانی و بجلی بحران کیخلاف میر پٹی کی قیادت میں روشن پاکستان ہاوس تین ہٹی سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ایم آر پی کے چیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت ‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ جنرل سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چاند ‘ شعبہ خواتین کی رہنما میڈم انیتا ‘ میڈم تبسم ناز ‘ ذکیہ بیگم کے علاوہ دیگر عہدیداران وکارکنان اور سول سوسائٹی کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ریلی میں شریک خواتین نے سروں پر مٹکے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ بچوں کے ہاتھوں میں لالٹینیں اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہاتھ سے جھلنے والے پنکھے تھے ۔ریلی کے شرکاءیزیدیوں اور ستم نہ کرو ‘ پانی دو بجلی دو کے نعرے لگارہے تھے۔

کراچی پریس کلب پہنچ کر ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے امیر پٹی نے کہا کہ سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے باسیوں کو پانی اور بجلی دونوں سے ترساناشہر کی صنعت و تجارت کو سبوتاژ کرکے اس شہر میں انارکی پھیلانے کی سازش کے مترادف ہے جو کسی طور ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے اسلئے حکمران ہوش کے ناخن لیں وگرنہ یہ یاد رکھیں کہ ہر تحریک کراچی سے شروع ہوتی ہے اور ہر حکومت کراچی والوں کے احتجاج سے ہی رخصت ہوتی ہے۔