شہریوں کا اغواء کی واردات سے متعلق پولیس کو اطلاع نہ دینا المیہ ہے، اے ڈی خواجہ

IG Sindh AD Khwaja

IG Sindh AD Khwaja

کراچی (جیوڈیسک) سینٹرل پولیس آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کیس میں تحقیقات جاری ہیں، اویس علی شاہ لاپتہ نہیں ہوئے، انہیں اغواء کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اویس شاہ کے اغواء کے بعد اب تک کوئی کال یا کسی قسم کا پیغام موصول نہیں ہوا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کی بازیابی کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے اپنی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ 2 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا، والدین کو سوا آٹھ بجے اور پولیس کو سوا 9 بجے اطلاع ہوئی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ پوش علاقے میں اغواء کی واردات ہونا اور شہریوں کا پولیس کو اطلاع نہ دینا معاشرے کا المیہ ہے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اویس شاہ کا اغواء تمام اداروں کے لئے چیلنج ہے، اغواء کاروں نے سسٹم کو چیلنج کیا، پولیس مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے رینجرز سمیت تمام اداروں سے مدد مانگ لی ہے اور دیگر صوبوں کے آئی جیز سے بھی رابطے میں ہیں۔