100 روزہ صفائی مہم کو افسران اور کارکنان کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے: ریحان ہاشمی

DMC Central Meeting UC Chairman

DMC Central Meeting UC Chairman

کراچی: چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے بلدیہ وسطی کے افسران و کارکنان باہمی تعاون اور محنت سے 100 روزہ صفائی مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ اور صفائی کا یہ عمل مسلسل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گے۔محدود وسائل کے باوجود ایک مہینے میں ہزاروں ٹن کچرے کے بیک لاگ کو ٹھکانے لگانا قابلِ تحسین عمل ہے۔

یہ بات انہوں نے بلدیہ وسطی کی تمام یوسیزکے شعبہء صحت و صفائی سے تعلق رکھنے والے افسران سے ایک خصوصی اجلاس میں کہی ۔ 100روزہ صفائی کی مہم کو ایک مہینہ مکمل ہونے کے بعد بلدیہ وسطی کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور آئندہ کا لائحہ عمل تیارکرنے کی غرض سے بلائے گئے اجلاس میں ریحان ہاشمی بلدیہ وسطی میں کئے جانے والے صفائی ستھرائی کے انتظامات اور توقع سے زیادہ کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانے پر یوسیز کے چیئرمین، وائس چیرمین اور افسران شعبہء صحت و صفائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات اور ضرورت سے کم وسائل کے باوجود جس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ بلدیہ وسطی کے کارکنان کے کیا ہے وہ اس کے لئے خراجِ تحسین کے حقدار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیہ وسطی کی تمام تر کامیابی افسران و کارکنان کے باہمی تعاون اور محنتِ شاقّہ کا نتیجہ ہے۔ 100روزہ صفائی مہم اسی طرح باہمی تعاون کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ دریں اثناء 100روزہ صفائی مہم بلدیہ وسطی میں پوری آب و تاب سے جاری ہے۔

چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی اور وائس چیئرمین سید شاکر علی کی نگرانی میں مہم کے تینتیسویں روز بھی بلدیہ وسطی کے محکمہء صحت و صفائی کے افسران و کارکنان منتخب یوسیز میں تندہی کے ساتھ صفائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ریحان ہاشمی محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھی لازوال عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی ٹیم سے بہتر نتائج برآمد کرنے کے تگ و دو میں لگے ہیں۔ انکی ہمت اور کوشش بہتر ین نتائج سامنے لارہی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ بہت جلد بلدیہ وسطی کوڑے کا بیک لاگ بھی کم ترین کی سطح پر لانے میں کامیاب ہو جائے گی۔