اتحادی ممالک داعشی دہشت گردوں کو شام فرار سے روکیں: العبادی

Haider al-Abadi

Haider al-Abadi

موصل (جیوڈیسک) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اتحادی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ موصل شہر میں جاری آپریشن کے دوران شام فرار ہونے والے دولت اسلامی ’داعش‘ کے جنگجوؤں کو فرار سے روکیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک بیان میں العبادی نے کہا کہ اتحادی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ شمالی عراق کے شہر موصل میں داعش کے خلاف آپریشن کے دوران وہاں سے شام فرارہونے والے داعشی دہشت گردوں کو پکڑیں اور انہیں شام داخل ہونے سے روکیں۔

خیال رہے کہ موصل میں داعش کے خلاف جاری آپریشن عراقی فوج کو کرد فورسز اور اتحادی ممالک کی بھی مدد حاصل ہے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں العبادی نے کہا کہ شام کی طرف فرار ہونے والے داعشی دہشت گردوں کو روکنا عالمی اتحادی فوج کی ذمہ داری ہے۔
ادھر دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ عراقی فوج نے موصل میں شہریوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے محفوظ گذرگاہیں قائم کی ہیں۔

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ ہم فضائی حملوں میں شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے بہت احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔
عراقی فوج نے انکشاف کیاہے کہ موصل کی لڑائی کے خاتمے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔

عراق کی تمام فورسز اس آپریشن میں پوری جرات کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں۔ العبادی نے ترکی اور عراق کے درمیان تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ترک فوج کا ہماری فوج کو تربیت دینا قابل تحسین ہے مگر ہمیں ترکی کی عراق میں فوجی موجودگی قبول نہیں۔