کولمبو ٹیسٹ میں پاکستانی برتری کا خاتمہ

Pakistan vs Sri Lanka

Pakistan vs Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پی سرا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز میزبان سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز 70 رنز ایک وکٹ کے نقصان سے دوبارہ شروع کی تو کمارسنگاکارا 18 اور کشال سلوا 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

جب ٹیم کا مجموعہ 98 تک پہنچا تو سنگاکارا 34 رنز بنا کر ذوالفقار بابرکا شکار بن گئے جس کے بعد لھیرو تھرمانے بھی 3 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان، یاسرشاہ اور ذوالفقاربابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 138 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور6 بیٹسمین ڈبل فیگر میں شامل نہ ہوسکے جب کہ محمد حفیظ 42 اور اظہرعلی 26 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ سری لنکا کی جانب سے تھرینڈو کوشال نے 5 اور دھمیکا پراساد نے 3 جب کہ دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی، ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔