سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داروں کا علم ہے، سائیں کے بیان پر سندھ اسمبلی میں ہنگامہ

assembly

assembly

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے سائیں ایوان میں تقریر کریں اور ہنگامہ نہ ہو ایسا ممکن نہیں۔ وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے بارہ مئی کی فائرنگ کا تذکرہ کیا تو ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نشست سے کھڑے ہو گئے اور شور شرابہ شروع کر دیا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ کہنے لگے میں نے آپکا نام نہیں لیا، محمد حسین صاحب! ذرا حوصلہ کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داروں کا علم ہے، آشکار نہیں کر سکتے، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کے اس بیان پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے احتجاج شروع کر دیا۔ سائیں شور شرابا کرنے والوں کو حوصلہ کرنے کی تلقین کرتے رہے۔

تحریک انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو سانحہ بارہ مئی کے ملزموں کا علم ہے تو عوام کو بتائیں، یہ بھی بتائیں کہ ذمہ داروں کو کیوں گرفتار نہیں کیا جا رہا۔ اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی متحدہ کے ناراض ارکان کو خاموش رہنے کی تلقین کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ بولتے چلے گئے اور کہا پہلے یونیورسٹیز کی گرانٹ گورنر دیتے رہے ہیں، اب وہ بھی ہمارے کھاتے میں رکھی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ردیف قافیے کی پروا نہ کرتے ہوئے ایوان میں یہ خود ساختہ شعر بھی داغ دیا۔ ‏ابھی تیس چالیس منٹ اور بولوں گا عشق کے امتحان اور بھی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت ‏ہاکس بے پر غریبوں کو پلاٹ دے رہی ہے۔