شرط لگاتا ہوں 30 اکتوبر کو عمران خان نظر نہیں آئیں گے: پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

مردان (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مردان کے جلسے کو بھی پی ٹی آئی پر بھرپور تنقید کیلئے استعمال کیا۔

مرکزی وزیر اطلاعات اور سنیٹر پرویز رشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈنڈے اور برچھی کی نہیں پرچی کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا شرط لگاتا ہوں 30 اکتوبر کو عمران خان اسلام آباد میں نہیں ہوں گے، کہاں ہوں گے وہ بعد میں بتاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر چاہتے تو پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا میں حکومت نہ بنانے دیتے، آج بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہماری محتاج ہے، چاہیں تو ایک اشارے پر پی ٹی آئی کو کے پی اسمبلی سے باہر نکال دیں اور اپنی اکثریت ثابت کر دیں۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے کبھی یلغار کی سیاست نہیں کی، جلسے کو دیکھ کر میں نہیں کہہ سکتا کہ کسی کے گھر پر حملہ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا سکھ اور چین عوام کیلئے قربان کر دیا، ہمارا اور آپ کا دکھ سکھ کا رشتہ ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی چودھری احسن اقبال نے کہا کہ 2012ء تک پاکستان میں دہشتگردی عروج پر تھی لیکن آج ملک میں امن ہے اور دہشتگرد بھاگ رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پورے ملک کا منصوبہ ہے۔ اس سے پورا ملک فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پچھلے ایک سال میں کے پی کیلئے 100 سے زائد منصوبے بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے کچھ لوگ اندر سے ہی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو عمران کان کی سیاست کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں دو تہائی ووٹ ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران اسی طرح سڑکوں پر لیفٹ رائٹ کرتا رہے گا اور ہم پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے آج پاکستان کو سرمایہ کاروں کی جنت کہا جاتا ہے۔ سی پیک سے پنجب اور سندھ کی نسبت بلوچستان اور خیبر پختونخوا زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر چودھری احسن اقبال نے جمشید خان کو ن لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر امیر مقام نے بھی خطاب کیا اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

جلسہ ختم ہوتے ہی متوالے کھانے پر ٹوٹ گئے۔ بریانی دیکھ کر منہ میں پانی آ گیا، بس پھر کیا تھا خوراک کی بے حرمتی اور دھینگا مشتی کے سواء کچھ نہ بچا۔