کرپٹ لوگ پکڑے گئے تو چوروں نے اپنی یونین بنالی، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپٹ لوگ پکڑے گئے تو چوروں نے یونین بنالی جب کہ تحریک انصاف کے ایک وزیرکو کرپشن الزامات میں پکڑا گیا جس کا احتساب کیا جارہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان اقتدار میں آکر پیسہ بناتے ہیں اور باہر چلے جاتے ہیں اور اب کرپٹ لوگ پکڑے گئے تو چوروں نے مل کر یونین بنالی، کرپشن پر ہاتھ ڈالنے پر آصف علی زرداری کی لندن سے آواز آئی اور اے این پی کے رہنما کو پکڑا گیا تو وہاں سے انتقامی کارروائی کی آوازیں آنے لگیں تاہم ہم نے خیبرپختونخوا میں ایک وزیر کو کرپشن الزامات پر پکڑا جس کا احتساب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت آئی اور ہم نے پولیس کو سیاست سے آزاد کردیا ، کوئی بھی سروے اٹھا کر دیکھ لیں ہم نمبر ون ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں پولیس کو سیاسی بنا دیا گیا ہے اور پنجاب میں ایس ایچ او (ن) لیگ کے رہنماؤں سے براہ راست آرڈرز لیتے ہیں جب کہ آئی جی پنجاب کا بھائی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں اور یہی نہیں رانا ثنااللہ پر قتل کا الزام ہے جنہیں وزیرقانون لگا دیا گیا، انہیں اس لئے ڈر نہیں کیوں کہ انہیں پتہ ہے کہ حکومت ان کے پیچھے کھڑی ہے جب کہ وزیر مملکت عابد شیر علی کے والد کہہ چکے ہیں کہ رانا ثنااللہ نے فیصل آباد میں 17 لوگوں کو قتل کروایا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے نوجوان تیار رہیں، پنجاب میں نوجوانوں کو کسی پولیس اہلکار سے ڈرنے کی ضرورت نہیں حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کبھی بھی صاف شفاف الیکشن سے نہیں جیت سکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر طرح مدد کر رہی ہے اور اب تک کسی سے امداد بھی نہیں مانگی، جب بھی کوئی قومی نقصان ہو تو سب کو اکھٹا ہوجانا چاہیئے۔