کرپشن کو ختم کرنے کے لئے اللہ کا نظام قائم کرنا ہوگا، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی

Meraj Ul Huda

Meraj Ul Huda

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے زوال کی وجہ نفس کی پیروی کرنا ہے۔ پاناما لیکس میں شامل حکمراں روز محشر میں حساب دینے سے بے خوف ہیں۔ کرپشن کے ذریعے ریاست عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔

عوام پر مہنگائی اور بدامنی کی وجہ حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ ان خیالات کا اظہا انہوںنے نارتھ ناظم آباد زون کے تحت منعقدہ 3 روزہ ”مرحبا رمضان” فیملی پروگرام کے پہلے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون اویس یاسین، نائب امرائ، ذمہ داران اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ کرپشن کرنے والے انسانوں کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ بے حیائی کے پروگرامز نشر کرکے ٹی وی چینلز نوجوان نسل کو گمراہ کر رہے ہیں۔ لادین حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔ ماہ صیام کے مہینہ میں انسان وقت کا پابند ہو جاتا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنے پر انسان بہت سی مصیبتوں سے دور رہتا ہے ۔ رمضان المبارک حقوق العباد کا درس دیتا ہے۔ قرآن ہی انسانوں کی زندگی کے لئے ہدایت کی کتاب ہے۔ اسلامی تعلیمات کو ختم کرکے ظلم کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں۔ تقویٰ اختیار کرنے کے لئے قرآن وسنت کی دعوت کو تھامنا ہوگا۔ رمضان جیسے مقدس مہینے میں انسان اللہ سے قریب ہوکر اپنے گناہوں کی توبہ کرتا ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی زون دستگیر کے تحت رضوان پارک، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں منعقدہ تین روزہ استقبال رمضان پروگرام کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ رمضان المبارک تربیت جہاد، تزکیہ نفس اور غلبہ اسلام کا مہینہ ہے۔ قرآن و سنت سے روگردانی کی وجہ سے آج ہم بے پناہ مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔

پاکستان کے تمام مسائل کا حل بابرکت اسلامی انقلاب سے ہی ممکن ہے، تحریک اسلامی کے کارکن کا مقصد زندگی اللہ تعالیٰ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کا نفاذ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں علم وعمل کا وہ راستہ دکھاتا ہے جس پر چل کر انسان ایک کامل بندہ مومن بن جاتا ہے۔ دنیا و آخرت کی کامیابی بھی دراصل دین فطرت پر عمل کرنے میں ہی مضمر ہے، خدا نے اسلام کو مکمل دین بنا کر عطا کیا ہے، رمضان المبارک ایثار اور محبت کا درس دیتا ہے، معاشرے میں جو بگاڑ ہے اس کی وجہ سے رب کے نظام سے بغاوت اور دین سے دوری ہے۔

دین نے دشمنوں کو بھی بھائی بنا دیا اور لادینیت کی وجہ سے کلمہ گو مسلمان ایک دوسرے کے دشمن بن گئے ہیں۔ فاروق نعمت اللہ نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ قرآن کو مضبوطی سے تھام لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک روزہ اور جہاد کا پیغام لے کرآتاہے۔ بڑے بڑے بندٹوٹ جاتے ہیں۔ مگر رب کی چاہت کا احساس ہوتو یہ بند نہیں ٹوٹتا۔ قرآن کی تعلیمات کو پس پشت ڈالنے والوں کا انجام قرآن نے یہ بیان کیاہے کہ دنیا کی ہرزندگی ان کے لیے تنگ کردی جائے گی اور روزقیامت اندھے کرکے اٹھائیں گے۔