کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے: صدر ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

راولپنڈی (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ چکی ہے یہاں لاتعداد ایسے بے ایمان اور بے حیا لوگ بلندو بانگ دعوے کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کی خدمت کی ہے انہیں یہ دعوے کرتے ہوئے شرم بھی نہیں آتی۔ زندگی کا ہر شعبہ اس لعنت میں جکڑا ہوا ہے۔

موجودہ حکومت نے ٹیکس کے ذریعے ملکی آمدن میں اضافے کی کوشش کی لیکن اسے کامیابی نہیں ہوئی۔ صحت کا شعبہ مقدس ترین ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ میڈیکل کالجوں کے داخلوں میں رشوت لیکر میرٹ کی پامالی کی جا رہی ہے، الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔

وہ الشفاء چلڈرن آئی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے نہ صرف پاکستان بلکہ ارد گرد کے ممالک کے لوگوں کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔

نوزائیدہ بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں کے پیش نظر ایک اچھے ہسپتال کا قیام ضروری تھا اور الشفاء آئی ٹرسٹ بصارت کا نور بانٹنے میں جو کردار ادا کر رہا ہے اس میں میری نیک خواہشات ساتھ ہیں۔

حکومت نے ہیلتھ کارڈ سکیم شروع کی ہے مستقبل میں مزید بہتری کی کوشش کی جائے گی۔