روئی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے استحکام رہا

Cotton

Cotton

کراچی (جیوڈیسک) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل واسپنگ ملزکی جانب سے اور کپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی خریداری جاری رکھنے کے باعث روئی کی قیمت میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 50روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 4600روپے کی قیمت پربندکیا۔ صوبہ سندھ وپنجاب میں روئی کی قیمت فی من 4700تا 4750 روپے رہا جبکہ پھٹی کی قیمت فی 40کلو 2200 تا 2500 روپے رہا۔

کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ چین کی کرنسی میں تخفیف کے باعث روئی کی قیمت میں گراوٹ آئی تھی لیکن یوایس ڈی اے کی امریکا میں کپاس کی فصل کے تخمینہ 31لاکھ گانٹھوں کی کمی کی اہم خبرکے بعدروئی میں چین کی کرنسی میں گراوٹ کی اثرزائل ہوگئی اورقیمت میں استحکام برقراررہا۔ نیویارک کاٹن بھارت اورچین میں روئی کی قیمت نسبتاً مستحکم رہا۔ ٹی سی پی نے 86ہزار600گانٹھوں کاتیسرا ٹینڈربھی اسکریپ ہوگیا اب 31اگست کیلیے چوتھا ٹینڈر جاری کیا ہے۔

ٹی سی پی سے روئی کی خریداری سے ٹیکسٹائل ملزاجتناب کررہے ہیں کیونکہ اس کیلیے 10فیصدایڈوانس ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ نسیم عثمان کے مطابق فی الحال کپاس کی فصل تسلی بخش بتائی جاتی ہے صحیح تخمینہ ستمبرکے آخرمیں لگایا جاسکے گا۔ فی الحال 13لاکھ گانٹھیں مارکیٹ میں آچکی ہیں۔ دریں اثنا کپڑے اورکاٹن یارن کی زبوں حالی بتائی جارہی ہے۔