ملک کے مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن شروع، 10 دہشت گرد گرفتار

Pakistan Army

Pakistan Army

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گوجر خان اور کلر سیداں سمیت سیکورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ و باردو برآمد کر لیا۔

کوئٹہ دھماکے بعد ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت نے کومبنگ آپریشن کا فیصلہ کیا جس کے بعد دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گوجر خان اور کلر سیداں میں دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن کیا گیا جس میں دو اہم کمانڈروں سمیت چھ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اسلحہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کومبنگ آپریشن دہشت گردوں کے سلیپر سیل ختم کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید تیزی آئے گی۔

دوسری طرف خیبرایجنسی کے علاقے جمرود میں خاصہ دار فورس کی کارروائی کے دوران چار دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ خود کش جیکٹس اور پچیس کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا، دہشت گرد یوم آزادی کے موقع پر خونی کھیل رچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دہشت گرد سرحد پار سے آئے تھے جو خیبر ایجنسی اور پشاور میں 14 اگست کو سرکاری اور پبلک مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والا بارودی مواد 25 کلو گرام تک بتایا گیا ہے۔ دہشتگردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔