ملکی فیصلے سڑکوں دھرنوں میں نہیں، پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں: پروفیسر ساجد میر

Sajid Mir Group

Sajid Mir Group

مانچسٹر (چوہدری عارف پندھیر سے) مرکزی جمیعت اہلحدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے ۔ لیکن تمام فیصلے پارلیمنٹ یا مذاکرات کے ذریعے ہونے چاہئیں، سڑکوں پر یا دھرنوں کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ بڑھ جاتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مانچسٹر میں مولانا عبدالستار عاصم کی طرف سے یوم آزادی کے سلسلہ میں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ابھی بھی چند دہشت گرد چھپے بیٹھے ہیں بہت جلد ان پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔ حکومت اپنے سیشن کے اختتام سے پہلے بہت سارے وعدے پورے کر رہی ہے۔ اس موقع پر شیخ ظفر الحسن مدنی ، مولانا عبدالستار عاصم، مولانا شریف اللہ شاہد، مولانا محمود الرحمن ، حافظ اخلاق احمد ، محمد اسحاق اور فیصل گروپ کے ممبران بھی موجود تھے۔