ملک بھر کی طرح بدین میں بھی یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

Badin News

Badin News

بدین (عمران عباس) ملک بھر کی طرح بدین میں بھی یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، مرکز ی تقریب جیم خانہ گراﺅنڈ پہ منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد رفیق قریشی نے پرچم کشائی کی اس موقع پہ قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ پولیس کے دستے نے سلامی دی بعد ازاں مختلف اسکولوں کے طالب علموں نے خاکے، ٹیبلوز پیش کئے جبکہ حمدو ثنا اور نعت خوانی کی سعادت بھی حاصل کی گئی۔

اس موقع پہ ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ بڑے شہروں سے چھوٹے دیہات تک پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور عوام کے جوش و خروش نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ قوم ملک کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہے، تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر بدین اور ایس ایس پی بدین عبدالقیوم پتافی نے سول اسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل بدین جاکر مریضوں اور قیدیوں میں مٹھائیاں بھی تقیسم کیں، دوسری جانب آزادی کے حوالے سے ضلع بھر کے مختلف شہروں گولاڑچی، تلہار، ماتلی ، ٹنڈو باگو کے سمیت بدین میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

جہاں پر بچوں اور بڑوں نے ہاتھوں میں سبز حلالی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے، دوران ریلی شیدی قوم کی جانب سے دل مول لینے والا رقص بھی گیا گیاجس کو دیکھ کر لوگ مزے لیتے رہے، دوسری جانب بدین میں گزشتہ ستر سالوں سے منایا جانے والا آزادی کا دن کل بھی چاچا پاکستانی کی ہوٹل پر منایا گیا، جہاں پر آنے والے اور راستے سے گذرنے والے لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ایک دوسرے کا پاکستان کی آزادی کے دن کے حوالے سے مبارک بادیں بھی دی گئیں۔۔