ملک بھر میں سردی، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11

Cold Weather

Cold Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں سردی نے ڈیرے جما لیے، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں ہر جگہ برف ہی برف ہے جبکہ مالم جبہ میں ساڑھے چار، کالام میں ڈھائی، وادی نیلم، گلیات اور مری میں دو فٹ برف باری ہو ئی ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں بھی درجہ حرارت کم ہوا ہے۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی گیارہ تک گر گیا، قلات اور کوئٹہ میں منفی نو سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسم سرما ملک بھر میں زوروں پر ہے۔سردی کی یہ لہر سب سے آخر میں شہر کراچی میں پہنچ گئی۔جہاں بالخصوص رات میں سرد ہواؤں کا راج ہے۔

گرمیوں میں شدید گرم رہنے والے نوابشاہ میں بھی سردی کی آمد ہو گئی، مچھلی فرائی کے اسٹالوں پر رش بڑھ گیا۔

پنجاب کے بعض شہروں میں ایک روز پہلے ہونے والی بارش کے بعد سردی ذرا اور بڑھ گئی۔

ملکہ کوہسار مری میں تو برفباری نے سیاحوں کے مزے ہی کرا دیے۔راستے بند ہونے کے باوجود برفباری کے شوقین بڑی تعداد میں مری پہنچے ہوئے ہیں۔ برفباری کے مزے لوٹنے کے ساتھ ساتھ خوب شاپنگ بھی کی جا رہی ہے۔

پشاور اور کوئٹہ میں بھی موسم سرما کی مناسبت سے گرما گرم پکوانوں کا دور دورہ ہے۔

بالائی علاقوں اور فاٹا میں برفباری کے باعث یخ بستہ ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔آزاد کشمیر کی وادیاں بھی برف سے ڈھک جانے کے بعد مزید دلکش مناظر پیش کر رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔