ملک بھر میں جلد کرپشن کیخلاف نتیجہ خیز آپریشن نہیں کیا گیا تو عوام حکومت کیخلاف سڑکوں پر آ جائیں گے

Corruption

Corruption

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے تمام مسائل و مصائب کی جڑ وہ استحصالی نظام ہے جس کے باعث بد عنوانی کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور بدعنوان عناصر لوٹ کے مال میں حصہ دیکر یا اقتدار و اختیار کے باعث احتساب سے محفوظ رہتے ہیں اور اشرافیہ ‘ محب وطن و مراعات یافتہ طبقات میں شمار کئے جاتے ہیں جبکہ بدعنوانی کی وجہ سے بڑھنے والی محرومیوں سے پیدا ہونے والی مایوسی نے دہشتگردی ‘ جرائم اور بد امنی کو فروغ دیا ہے اسلئے دہشتگردی کے ساتھ بدعنوانی سے نجات بھی محفوظ قومی مستقبل کیلئے لازم ہے۔

پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر رہنما امیر سولنگی نے کہا کہ رینجرز اور سیکورٹی اداروں نے خصوصی اختیارات کے ذریعے نہ صرف جرائم و دہشتگردی سے نجات دلاکر عوام کو امن و تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ ثابت کیا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور اختیارو اقتدار کے بل پر احتساب سے محفوظ رہنے والوں کا احتساب بھی ممکن ہے اسلئے رینجرز کے اختیارات کے ساتھ اس کے دائرہ کار میں توسیع عوامی خواہش و مطالبہ ہے جس سے رو گردانی عوام میں حکمران طبقات کیخلاف نفرت کو جنم دینے کا باعث بنے گی جو حکمران جماعتوں کے سیاسی مستقبل کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

اسلئے عوامی خواہش ‘ مطالبہ اور ضرورت کے تحت رینجرز کے خصوصی اختیارات میں فی الفور توسیع اور رینجرز کو کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردی کے ساتھ کرپشن کیخلاف بھی ایکشن کا اختیار دینا ہی حکومت و حکمران جماعت کے مفاد میں ہوگا کیونکہ سندھ سے اٹھنے والے احتساب کی لہر کو ملک بھر میں عوامی حمایت حاصل ہورہی ہے اور پاکستان کے ہر صوبہ و علاقے کے عوام حکمران جماعتوں ‘ سیاستدانوں سمیت تمام ارباب اختیارو اقتدار کے بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کرنے لگے ہیں اسلئے حکومت عنقریب یا تو ملک بھر میں کرپشن آپریشن پر مجبور ہوجائے گی یا پھر عوام اس کیخلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔