ملک کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانا ہوگا، شاہ اویس نورانی

karachi

karachi

کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلی شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ گوادر اور سی پیک کے منصوبوں کے عملی اقدامات شروع ہوتے ہی مود ی کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے، سرحد پر موجودہ کشیدگی بلاوجہ نہیں ہے۔

کشمیر میں جاری چار مہینے طویل انسانیت سوز مظالم بھی بلاوجہ نہیں ہیں، امریکہ ، بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ پاکستان میں معاشی انقلاب برپا نہ ہوسکے ، پارلیمنٹ میں موجود بعض لوگ ان کے آلہ کار ہیں، وہ ہر روز سی پیک معاہدوں کے خلاف سراپا احتجاج ہوتے ہیں، انہیں بھارت اور امریکہ سے پیسے مل رہے ہیں، ملک میں دیم بننے کی بات ہوتی ہے توبعض ہندو ایجنٹ کہتے ہیںکہ ڈیم ہماری لاشوں کے اوپر بنے گا اور اب سی پیک معاہدے ہو رہے ہیں تو کچھ لوگ کہتے ہیں ہم ملک میں ترقی کی راہ کو نہیں کھلنے دینگے، یہ کیسے ظالم لوگ ہیں۔

عوام کو مغربی سامراج کے غلاموں کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہوگا، سیکولر اور لبرل عناصر نے مغرب کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ملک کی اخلاقی قدروں اور معاشی بنیادوں کو ہلا دیا ہے وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان اپنے پیڑوں پر کھڑا رہ سکے، نظام مصطفیۖ اس ملک کا مستقبل ہے اور یہ نظام مسیحا ہے اور اس میں عوام کے تمام دکھ اور درد کا مداوا ہے، جمعیت علماء پاکستان کے پلیٹ فارم سے قوم کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ نبی اکرم ۖ کے پرچم تلے جمع ہوجائے ،ہم ہر قوم اور مذہب کے فرد کو اس کے حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر قاری احمد میاں خان کے والدمحترم ملتان کے بے تاج بادشاہ مولانا حامد علی خان کے عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ ملک کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانا ہوگا۔

ہم ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، چین اور ترکی کے ساتھ معاشی تعاون اور تجارتی معاہدوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی معاشی برتری بھارت کو برداشت نہیں ہو رہی ہے، سرحد پر جاری شیلنگ اور گولہ باری سے نہتے شہری شہید ہورہے ہیں، بھارتی بزدل فوج کو بھرپور جواب دیا جائے اور بھارت کے حمایتوں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے ، نئے آرمی چیف کو ابھی سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

نئے آرمی چیف کا انتخاب کر کے مخالفین کے منہ بند کئے جائیں، ہر شخص ملک کے اس اہم ترین فیصلے پر تبصرے کر رہا ہے اور اس کے ممکنہ نتائج کے بارے میں رائے دے رہا ہے، اگر دفتر دفاع اس بارے میں فیصلے سے آگاہ کردے تو تمام قسم کی چہ مگوئیاں دم توڑ دینگی۔

بلاشبہ جنرل راحیل شریف قوم کی تاریخ کے سب سے بہادر اور جری سپ سالار تھے ،وقت پر رخصت لے لینے سے وہ ہمیشہ کے لئے ہیرو بن جائیں گے، وگرنہ ان کا گراف نیچے کی طرف چلا جائے گا، شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ آدھی ادھوری پی پی گزشتہ لوگوںنے بیچ دی بقیہ بلاول خود ڈبو دیں گے، ایسی کیا وجہ ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے بغیر پی پی اپنے وجود کو سنبھال نہیں پا رہی ہے۔

اگر پی پی کو کراچی میں تنظیم سازی کے لئے اگر اچھے مشورے چاہیے ہیں توہماری خدمات موجود ہیں۔

نورانی میڈیا سیل جمعیت علماء پاکستان