ملک کی ترقی کے لیے طلبہ یونینز کی بحالی ناگزیر ہے، راجہ عبد الرازق

Karachi

Karachi

کراچی : طلبہ تنظیموں کے قیام کا مقصد متعلقہ ادارے کی پالیسی کے مطابق طلبہ کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے جذبہ حب الوطنی کو پیدا کرنا ہے۔

طلبہ تنظیمیں جمہوری طرز عمل کے ذریعے نوجوان نسل میں فیصلہ سازی اورمعاملات میں مؤثررائے دہی کی تربیت کرتی ہیں،جو مستقبل میں سیاسی طور پرباشعور شہری ہونے میں ممد ومعاون ہوتی ہیں،مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان طلبہ یونینز کی بحالی کی آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے ناظم راجہ عبد الرازق ، ناظم عمومی عنایت اللہ فاروقی نے مسلم میڈیا سیل میں طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے اس زمانہ میں جب کہ شعور وآگاہی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ تیز ترین صورت میں موجود ہیں۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نوجوان طلبہ کے لیے ہم نصابی اور صحت افزاء سرگرمیوں کے مواقع مسدود کرنا درست عمل نہیں ہے، جہاں یہ طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں کو قتل کرنے کے مترادف ہے وہیں جرائم اور منفی سرگرمیوں کے لیے ان کی راہ ہموار کرنا ہے۔ ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام طلبہ یونینز کے لیے ضابطہ اختیار بنا کر عائد پابندیوں کو ختم کریں تاکہ طلبہ کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد ،سماجی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی افادیت اور نقصان قانون کی پاسداری یا عدم پاسداری پرمنحصر ہے،اگرمربوط ضابطہ اخلاق کے تحت ،طلبہ یونینز کوخارجی عناصر کے اثرو رسوخ اوروابستگیوں سے بالاتر ہوکر مثبت سرگرمیوں کی اجازت دے دی جائے اورمتعلقہ ادارے کی پالیسی اور حدود میں رہتے ہوئے طلبہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنی یونین و تنظیم سازی کریںتو اس کے حوصلہ افزا ء نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ طلبہ کونظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اور ملک و ملت اورطلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے طلبہ یونینز ناگزیر ہیں،ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اوراپنے حقوق کے حوالے سے جدوجہدکا سلیقہ بھی اسی پلیٹ فارم سے ملتاہے۔ ملک کی ترقی کے لیے طلبہ یونینز کی بحالی ناگزیر ہے، طلبہ یونینز کی عدم موجودگی میں سیاسی خلاء پیداہو رہا ہے۔

یہی وہ نرسریاں ہیں جہاں سے ملک وقوم کو نئی قیادت میسر آتی ہے،طلبہ تنظیموں کی وجہ سے باصلاحیت ،باشعور اور اہل قیادت قومی منظر نامے پر ابھرتی ہے۔

جاری کردہ
محمد عادل انصاری
ناظم اطلاعات مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن
0310-0202330