ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کا راج، لاہور، اسلام آباد، کشمیر میں بارش متوقع

 Islamabad Rain

Islamabad Rain

راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم رہے گا تاہم راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، ہزارہ، کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ابر کرم برسنے کا امکان ہے۔

حالیہ بارشوں کا اثر ختم ہو تے ہی سورج نے پھر سے تیور دکھانا شروع کر دیئے ہیں، جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی میں موسم گرم ہے، سورج کرنیں بکھیر رہا ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں صبح کا آغاز خوشگوار ہوا اور کہیں کہیں چھائے ہلکے بادلوں سے ہوا تاہم سورج نکلتے ہی حبس بڑھنے لگا، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی سمیت زیریں سندھ میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، رات کو کہیں کہیں ہلکی پھوار پڑ سکتی ہے جبکہ بالائی سندھ میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف حصوں میں موسم انگڑائی لے رہا ہے، صوبے بھر میں شام اور رات کے اوقات میں موسم خنک رہنے لگا جبکہ دن میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔

موسم کی صورتحال بتانے والوں نے خبر دی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم رہے گا تاہم اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ہزارہ اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ میگھا برسنے کا امکان ہے۔