ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے فروغ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، شنیلہ روت

Shanila Rout MPA

Shanila Rout MPA

لاہور: پاکستان تحریک انصاف منیارٹی پنجاب کی صدر، ممبر پنجاب اسمبلی شنیلہ روت نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں غریبوں کا استحصال کیاجارہاہے معیاری تعلیم صرف امیروں کے بچوں کاحق قراردے دیاگیاہے تعلیم کے شعبہ پربھی سرمایہ دار قابض ہوچکے ہیں جوتعلیم کے نام پر پیوبار کررہے ہیں ملک کے آئین میں واضح طورپر تحریر ہے کہ مفت تعلیم اورصحت کی سہولیات تمام شہریوں کاحق ہے لیکن اس پرحکمران جان بوجھ کرعمل نہیں کرارہے ہیں۔

بڑے بڑے نجی تعلیمی ادارے اور اکیڈمیاں تعلیم کی دکانیں بن چکی ہیں۔ جوجتنا مہنگا تعلیمی ادارہ ہے اسے اتناہی اچھاادارہ کہاجاتاہے حالانکہ بڑے بڑے نجی تعلیمی ادارے ملک میں تعلیم کابیڑہ غرق کررہے ہیں اورمنافع کی ہوس میں والدین کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہاکہ ملک بھرمیں یکساں نصاب تعلیم آج تک رائج نہیں ہوسکا ایک نصاب تعلیم حکمرانوں کے بچوں کر پڑھایا جاتاہے اور دوسرا نصاب تعلیم کلرک اور غلام پیدا کررہاہے۔

جبکہ نصاب تعلیم میں مضامین کوتوڑ موڑ کرپیش کیا جاتاہے تاکہ طلبااصل مضامین کوجان نہ سکیں ، شنیلہ روت نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ہی ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم لا سکتی ہے،کیونکہ معیاری تعلیم کے فروغ کے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا اور اس کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کوسرمایہ داروں کے چنگل سے آزاد کرایاجائے پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔

لیکن سرمایہ کی کمی کے باعث نوجوان اعلی تعلیم کے حصول سے محروم ہورہے ہیں اور اس طرح سے ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کے دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت ملک میں مفت تعلیم کی فراہمی کی راہ ہموار کرے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اس کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔